یروشلم ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیردفاع اویگڈور لبرمین نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک منصوبہ بندی کمیٹی سے درخواست کریں گے کہ مغربی کنارہ پر آباد 30 یہودی بستیوں میں مزید 2500 نئے مکانات تعمیر کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ مجوزہ 2500 نئے مکانات کی تعمیر عاجلانہ طور پر 2018ء میں ہی مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی سے بعدازاں مزید 1400 نئے یونٹس تعمیر کرنے کی بھی اجازت حاصل کی جائے گی۔ لبرمین نے کہا کہ جوڈائیہ اور سماریہ میں نئی تعمیرات کرنے کا جو وعدہ ہم نے کیا ہے، اسے پورا کرنے کے ہم پابند ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ اہم ہوگا کہ مغربی کنارہ میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی تعمیرات کو بین الاقوامی قانون کے مطابق غیرقانونی تصور کیا جاتا ہے جس کے فلسطینی شہری بھی زبردست مخالف ہیں اور اس کے خلاف انہوں نے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (ICC) میں بھی یہ کہہ کر اپیل دائر کی ہیکہ اسرائیلی نوآبادیات فلسطینیوں کی زندگی اور ان کے گزر بسر کیلئے زبردست خطرہ ہیں۔