اسرائیل نے 77 فلسطینی مکانات مسمار کردیئے : یو این

یروشلم ، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے اسرائیل کو 77 فلسطینیوں جن میں زیادہ تر بچے تھے، اُن کے مکانات کو اس ہفتے ملحق مشرقی یروشلم اور مقبوضہ مغربی کنارہ میں غیرقانونی طور پر منہدم کردینے کا موردِ الزام ٹھہرایا ہے۔ ’’گزشتہ تین دنوں میں 77 فلسطینی جن میں زائد از نصف بچے ہیں، بے گھر ہوچکے ہیں،‘‘ اقوام متحدہ کے دفتر ارتباط برائے انسانیت نواز امور (او سی ایچ اے) نے کل جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات کہی۔ او سی ایچ اے نے کہا کہ بعض منہدمہ مکانات مخدوش خاندانوں کی مدد کیلئے بین الاقوامی برادری کی جانب سے فراہم کئے گئے تھے۔ جبری تخلیہ اور نقل مقام کے موجب بننے والی انہدامی کارروائیاں اسرائیل کے فرائض تحت بین الاقوامی قانون کے منافی ہیں اور غیرضروری مشکل اور کشیدگی پیدا کرتی ہیں۔ انھیں فوری روکنا ہوگا۔ اس نے مزید کہا کہ یہ انہدام مشرقی یروشلم اور اضلاع رملہ، جریکو اور حبرون میں کیا گیا ہے۔