اسٹاکہوم ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سویڈن کی جانب سے آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرنے پر اسرائیل نے سخت احتجاج کرتے ہوئے سویڈن میں تعینات اپنے سفیر کو صلاح مشورے کیلئے واپس بلا لیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کئے جانے پر سویڈن کے خلاف احتجاج کے بعد اسٹاکہوم میں متعین اپنے سفیر یتزحاک بادحمان کو واپس بلا لیا۔ جمعرات کو سویڈن کی وزارت خارجہ نے آزاد اور مکمل طور پر خود مختار فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یورپی یونین کے رکن ممالک میں سے سویڈن پہلا ملک ہے جس نے کھل کر فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت سویڈن کے اس فیصلے کا فلسطینی اتھارٹی نے خیر مقدم کیا اور فلسطینی صدر محمود عباس نے اپنے بیان میں اسے ’’تاریخ ساز‘‘ فیصلہ قرار دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ نے حسب روایت حکومت سویڈن کے فیصلے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے فلسطین۔ اسرائیل تنازعہ کے حل کیلئے جاری مساعی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور اس کا فائدہ صرف انتہا پسند گروپوں کو ہو گا۔ اسرائیلی وزیر خارجہ آوی گیڈور نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ سویڈن جیسے روشن خیال ملک نے یکطرفہ طورپر فلسطینی ریاست کی حمایت کردی۔