اسرائیل نے ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکا

واشنگٹن، 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری تنازعہ پر معاہدے کو ناکام بنانے اور تہران کو جوہری طاقت بننے سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اپنے ایک ریکارڈ بیان میں نیتن یاہو نے ایران کے نیوکلیر پروگرام پر عالمی برادری اور تہران کے مابین مفاہمتی معاہدہ نہ ہونے کے بارے میں کہا کہ اسرائیل کی چیخ و پکار کام آ گئی اور ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان تہران کے جوہری پروگرام کا ایک ’’بُرا‘‘ معاہدہ نہ کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہرقیمت پر ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکے گا۔ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ مذاکرات کے تعطل کے بارے میں نیتن یاہو نے کہا کہ امن مذاکرات فلسطینیوں کی جانب سے ناکام بنائے گئے ہیں۔ وہ بات چیت کرنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی قیادت یہودی قوم کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کی روک تھام اور اسرائیل کے ساتھ امن بات چیت کی بحالی کی خواہاں ہی نہیں ہے۔