یروشلم ۔5 ستمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل کی اعلیٰ عدالت نے آج ایک حکمنامہ کو حق بجانب قرار دیا جس نے مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی گاؤں بیدوین کو مسمار کردینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ اس فیصلے کے جواز کو چیلنج کرنے والی کئی عرضیوں پر دلائل کی سماعت کے بعد اعلیٰ عدالت نے اپنا حکمنامہ جاری کیا ہے ۔ اسرائیل پر سخت بین الاقوامی دباؤ رہاہے کہ خان الاحمر کو مسمار کردینے کے منصوبوں کو ترک کردے ، جس کے تعلق سے اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ وہ غیرقانونی طورپرتعمیر کیا گیاہے ۔ سپریم کورٹ کے پینل نے اپنی رولنگ میں کہاکہ ہم خان الاحمر کو منہدم کرنے کی ہدایت کے خلاف دائر عرضیوں کومسترد کرتے ہیں اور عارضی حکمنامہ بھی کالعدم سمجھا جائے جو حکم التواء کے طورپر جاری کیا گیا تھا ۔