اسرائیل میں داعش پر امتناع

یروشلم 4 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل نے دہشت گرد گروپ مملکت اسلامی ( داعش ) پر امتناع عائد کردیا ہے اور اسے غیر مجاز تنظیم قرار دیا ہے ۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی اس گروپ نے دوسرے امریکی صحافی کا سر قلم کردیا تھا جو اسرائیلی شہریت کا حامل تھا ۔ مملکت اسلامی کو غیر قانونی قرار دینے کے بعد اب اسرائیل اس تنظیم کیلئے فنڈز جمع کرنے والوں یا اس سے کسی بھی طرح کا الحاق رکھنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرسکتا ہے ۔ وزیر دفاع اسرائیل موشے یالون نے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ ملک کی سکیوریٹی ‘ عوامی فلاح اور عوامی نظم کا تحفظ کرنے کیلئے ایسا کرنا ضروری تھا ۔۔ اس اعلامیہ کے ذریعہ تنظیم کے مختلف ناموں وغیرہ پر بھی امتناع عائد کردیا گیا ہے جوعربی ‘ عبرانی اور انگریزی میں ہوں۔