اسرائیل میں انتخابات نتن یاہو سے ملاقات نہ کرنے اوباما کا اعلان

واشنگٹن ، 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دورۂ امریکہ کے دوران اُن سے ملاقات نہیں کریں گے کیونکہ اسرائیلی انتخابات سے قبل ان سے ملاقات مناسب نہیں ہو گی۔ خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم اگلے ماہ مارچ کے پہلے ہفتے میں امریکہ کا دورہ کریں گے اور اسی ماہ اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کو معمول کے سفارتی طریقہ کار کے برعکس امریکی دورے کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ دعوت ری پبلیکن رکن کانگریس سینیٹر جون بینر کی جانب سے دی گئی، جس میں ان سے کانگریس سے خطاب کیلئے کہا گیا ہے۔ اس دعوت کے بارے میں امریکی صدر اور ڈیموکریٹس ارکان کو بھی مطلع نہیں کیا گیا۔ اسرائیلی حکومت کی جانب سے 17 مارچ کو ملک میں پارلیمانی انتخابات کااعلان کیا گیا ہے۔ وسط مدتی انتخابات میںبھی نیتن یاہو اور بنیاد پرست یہودی گروپوں کی کامیابی کی توقع ہے۔ اوباما نے ’سی این این‘ کو انٹرویو میں کہا کہ ’میں اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات نہیں کروں گا کیونکہ یہ مناسب وقت نہیں ہو گا۔ ہماری پالیسی یہ ہے کہ ہم ایسے کسی عالمی رہنما سے ملاقات نہ کریں جس کے ملک میں انتخابات کو محض دو ہفتے باقی رہ گئے ہوں۔