واشنگٹن ، 14 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور اسرائیل کے مابین ریکارڈ دفاعی معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے جس کے تحت امریکہ اگلے دس سال میں اسرائیل کو 38 ارب ڈالر دفاعی امداد کی مد میں دے گا۔ خبررساں ادارے رائٹرس کے مطابق اگلے چند روز میں اس معاہدے پر دستخط کر دیے جائیں گے۔ اس معاہدے کے تحت امریکہ اسرائیل کو ہر سال 3.8ارب ڈالر کی دفاعی امداد دے گا۔ امریکہ اور اسرائیل میں ہونے والے اس معاہدے کے تحت اسرائیل کے میزائل پروگرام کیلئے بھی رقم فراہم کی جائے گی۔ خیال رہے کہ معاہدے کے تحت جو امداد اسرائیل کو فراہم کی جائے گی وہ اب تک امریکہ کی جانب سے کسی بھی ملک کو دی جانے والی دفاعی امداد سے زیادہ ہے۔ امریکی اور اسرائیلی حکام کے بقول اس سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے کچھ اہم شرائط پر سمجھوتہ کیا ہے۔ ان شرائط کے مطابق اسرائیل کانگریس سے مزید رقم کا مطالبہ نہیں کرے گا اور اس کے علاوہ مرحلہ وار اس معاہدے کو بھی ختم کر دیا جائے گا جس کے تحت اسرائیل امریکہ سے ملنے والی دفاعی امداد کی رقم سے امریکی کمپنیوں کے بجائے اسرائیلی کمپنیوں سے اسلحہ خرید سکتا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس معاہدے کے سلسلے میں ہونے والے طویل مذکرات سے صدر براک اوباما اور اسرائیلی وزیرِاعظم نتن یاہو کے مابین پائی جانے والی تلخی ظاہر ہوتی ہے۔ حکام کے مطابق توقع ہے کہ اسرائیل اس معاہدے سے منسلک ایک اور دستاویز میں یہ یقین دہانی کرائے گا کہ وہ معاہدے کی مدت کے دوران کانگریس سے اضافی امداد منطور کروانے کیلئے مہم نہیں چلائے گا۔ لیکن اس دستاویز میں ایسی زبان استعمال کی جائے گی جس میں جنگ اور کسی بڑے بحران کی صورت میں اضافی امداد کی گنجائش موجود ہو گی۔