مقامی برانڈس کی مقبولیت اور فروخت میں اضافہ
ممبئی ۔ 18 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )غزہ پر اسرائیل کی بمباری اور بے قصور عوام کو نشانہ بنائے جانے پر ساری دنیا میں غم و غصہ کا اظہار کیاگیا ۔ عوام نے بطور احتجاج اسرائیلی پراڈـکٹس کا بائیکاٹ شروع کیااور اس کے غیرمعمولی اثرات برآمد ہوئے ۔ اسرائیلی معیشت پر اس بائیکاٹ کے نتیجہ میں کاری ضرب پڑی ۔ دوسرا ایک مثبت پہلو یہ سامنے آیا ہے کہ مقامی ہندوستانی برانڈس نے ان پراڈکٹس کا متبادل پیش کرنا شروع کردیا ہے جس کے اچھے نتائج ظاہر ہورہے ہیں ۔ یہی نہیں بلکہ ان پراڈکٹس کی برآمدات میں بھی اضافہ کے واضح مواقع نظر آرہے ہیں ۔ ممبئی میں 100 سے زائد ہوٹلس نے اسرائیلی پراڈکٹس جیسے پیپسی ، کوکا کولہ ، اسپرائٹ اور فنٹا کا بائیکاٹ جاری رکھا ہے ۔ اس کی بجائے مقامی پراڈکٹس جیسے پنچ زیرہ مصالحہ ، مکہ کولا ، مکہ پنچ ، مکہ لائین اور سوسیو جیسے پراڈکٹس فروخت کئے جارہے ہیں ۔ پنچ باٹلنگ کمپنی کے ڈائرکٹر ظفر شیخ نے بتایاکہ ہمارے پراڈکٹس کی فروخت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران طلب کو پورا کرنے کیلئے ہمارا اسٹاف دن رات کام کررہا ہے ۔ مکہ کولا کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے 2002 ء میں فرانس میں توفیق مطلوبی نے متبادل پراڈکٹ متعارف کیاتھا۔ مہاراشٹرا کے جلگاؤں ضلع سے تعلق رکھنے والے صنعت کار ظفر شیخ نے یہاں مکہ کولا ، مکہ آرینج ، مکہ لائیم اور پنچ زیرہ مصالحہ و اسٹائمینا مینگو جوس جیسے پروڈکٹس مارکٹ میں پیش کئے تھے ۔ ظفر شیخ نے بتایا کہ اُن کے پروڈکٹس ملک کے بڑے شہروں بالخصوص ممبئی ، دہلی ، پونے ، اورنگ آباد ، بھوپال ، لکھنو اور حیدرآباد میں کافی مقبول ہورہے ہیں ۔ انھیں دیگر ممالک سے بھی آرڈرس موصول ہورہے ہیں ۔ ظفر شیخ نے گزشتہ دس سال کے دوران پیپسی اور کوکا کولہ جیسے پراڈکٹس کا سامنا کیا اور ان سے سخت مقابلہ درپیش رہا ۔ آج یہ پراڈکٹس کافی مقبول ہورہے ہیں اور پیپسی و کوکا کولہ کا متبادل بن چکے ہیں ۔ حالانکہ طویل عرصہ تک ان پراڈکٹس کی ہی مارکٹ میں اجارہ داری تھی ۔