یروشلم۔ 2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل کی فضائیہ نے ہفتہ کے روز غزہ کی پٹی میں حماس کے مختلف ٹھکانوں پر بمباری کی۔ فلسطینی سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ حملہ جنوبی اسرائیل پر غزہ سے راکٹ حملوں کے کچھ گھنٹوں بعد کیا گیا ہے۔ اسرائیلی جنگی جہازوں نے بیت حانون اور رفح کے درمیان چار مختلف عمارتوں کو نشانہ بنایا ۔ حملے کے وقت عمارتوں کے خالی ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے جہازوں نے حماس کے دو فوجی ٹریننگ سنٹرز اور دو دیگر ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔اسرائیلی فوج غزہ سے ہونے والے تمام حملوں کا ذمہ دار حماس کو گردانتی ہے۔ اس سے پہلے جمعہ کی شام کو غزہ سے داغے جانے والے دو راکٹ جنوبی اسرائیل جاگرے۔ ان حملوں سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔عراق اور شام میں سرگرم دہشت گرد گروپ ’’داعش‘‘ سے وابستگی رکھنے کا دعویٰ کرنے والے جنگجوئوں نے اسرائیل پر ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔