زمین سے فضاء میں نشانہ لگانے کی صلاحیت ، ڈاکٹر جیارامن کی مبارکباد
حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) اسرائیلی بحری پلیٹ فارم سے پہلی مرتبہ طویل فاصلاتی زمین سے فضاء میں نشانہ لگانے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔ یہ میزائیل اپنے نشانہ پر ضرب لگانے میں کامیاب رہا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی آر ڈی ایل کے ڈائریکٹر اور پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر کے جیارامن نے طویل فاصلاتی زمین سے فضاء میں نشانہ لگانے والے میزائل کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شری پتریک ڈیسلوا اور ان کی ٹیم کے علاوہ تمام سائنس دانوں، عہدیداروں اور عملہ کے ارکان کو مبارکباد دی۔ ان کی کاوشوں سے اس میزائیل کا کامیاب تجربہ کیا جاسکا۔ یہ میزائل آئی اے آئی، اسرائیل اور ڈی آر ڈی او کے درمیان مشترکہ طور پر ڈیولپمنٹ پروگرام سے تیار کیا گیا تھا۔ ہندوستان نے اس میزائیل کا ڈیزائن تیار کرکے اسے ڈیولپ کیا اور فلائیٹ ٹیسٹنگ بھی انجام دی گئی۔ اسے مسلح افواج کے میزائیل سسٹم میں شامل کیا جارہا ہے۔ اسرائیل کے بحری پلیٹ فارم سے اس کا تجربہ میزائیل سسٹم میں پیشرفت اور سب سے بڑے سنگ میل تک پہنچنے کا کارنامہ ہے۔ ڈاکٹر جیارامن نے بتایا کہ ڈی آر ڈی ایل، ڈی آر ڈی او نے اس دوہرے پلس سسٹم والے میزائیل کو تیار کیا ہے۔