عابد جان ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی صدر ایمانیول میکرون نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ لیبیا نے یوروپی یونین اور افریقی قائدین کے ساتھ اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے کہ ایسے تارکین وطن جنہیں حراستی کیمپس میں مختلف مصائب اور استحصال کا سامنا ہے، انہیں اندرون کچھ ہفتہ وہاں سے ہٹا لیا جائے گا۔ عابد جان میں یوروپی یونین ۔ افریقہ سمٹ کے دوران یہ فیصلہ اس وقت لیا گیا جب آئیوری کوسٹ کے صدر الاسا نے کوتارا نے اس بات پر زور دیا کہ لیبیا میں اس وقت حراستی کیمپوں میں جاری غلاموں کی تجارت اور دیگر استحصال کو روکنے کیلئے اہم اقدامات کئے جانے کی ضرورت ہے۔ میکرون نے سمٹ میں شرکت کے دوران ہی کچھ وقت نکال کر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لیبیا، فرانس، جرمنی، چاڈ، نائیجر اور دیگر ممالک کے قائدین نے انتہائی ہنگامی فیصلہ کرتے ہوئے لیبیا میں استحصال کا سامنا کرنے والوں کا فوری تخلیہ کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔