واشنگٹن ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سرودنواز استاد امجد علی خان جمعہ کو یہاں کے کینیڈی سنٹر میں سالانہ اتسو فیسٹیول کا افتتاح کریں گے جہاں ان کے ساتھ ان کے دونوں بیٹے امان علی خان اور ایان علی خان بھی موجود ہوں گے۔ اس موقع پر فیسٹیول کے منتظم ڈاکٹر سریدھر پوٹراجو نے بتایا کہ سالانہ اتسو کا تیسرا ایڈیشن منعقد کرتے ہوئے انہیں بیحد خوشی ہورہی ہے جس کے ذریعہ ہندوستان میں رقص و موسیقی سے وابستہ افسانوی شخصیات کو پیش کیا جاتا ہے۔ استاد امجد علی خان اور ان کے دونوں فرزند 2 اکٹوبر کو بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر ’’کنسٹرٹ آف ورلڈ ہارمنی‘‘ پیش کریں گے۔ دیگر فنکاروں میں سدھارگھوناتھن اور کماری اواسرلا کنیاکماری شامل ہیں جو بالترتیب بہترین گلوکارہ اور وائلن بجانے میں ماہر سمجھی جاتی ہیں۔