اسامہ کا ہم شکل برازیلی مئے فروش عالمی توجہ کا مرکز!

فرنانڈیز کئی بار بن لادن کے شبے میں گرفتارہوا
ریو ڈی جنیرو ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کا خوف ذہنوں پر اتنا سوار کر دیا گیا ہے کہ قتل کے بعد بھی اُن کا کوئی ہم شکل نظر آ جائے تو قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت عام لوگوں کی بھی دوڑیں لگ جاتی ہیں۔مشہور شخصیات کا ہم شکل ہونا کوئی انوکھی بات نہیں، دنیا میں ہر انسان کے چالیس ہم شکل ہوتے ہیں۔ اس سے کسی کو کیا غرض کہ کس کے کتنے ہم شکل ہیں لیکن اسامہ بن لادن کے ہم شکل چاہے کسی بھی مذہب اور ملک و ملت سے تعلق رکھتے ہوں اُن کی خیر نہیں ہوتی۔ ایسا ہی کچھ برازیل میں بسنے والے اسامہ کے ہم شکل فرانچیسکو فرنانڈیز کے ساتھ بھی متعدد مرتبہ ہوا۔ پولیس نے اسے شبے کی بنیاد پر اسامہ سمجھ کر دھر لیا۔ اچھی خاصی تفتیش کے بعد اس چھوڑا جاتا رہا ہے

۔فرنانڈیز ایک کاروباری شخص ہے جو کئی شراب خانوں اور نائٹ کلبوں کا مالک ہے۔ اس لئے اسامہ جیسے قدامت پسند کے ساتھ اس کا کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔ تاہم اخبار ’ڈیلی میل‘ کے مطابق فرنانڈیز کو اسامہ سے مشابہت کی بناء پر کافی فائدہ بھی پہنچا ہے۔ دور دور تک اس کی شہرت کے بعد اب لوگ اس کے نائٹ کلبوں اور شراب خانوں میں چلے آتے ہیں۔ فرنانڈیز نے اپنے کاروبار کو بھی اسامہ نام سے تشہیر دے رکھی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ برازیل کے مختلف شہروں میں اس کے کیفی ٹیریاز بھی موجود ہیں اور ان کے نام ’’بن لادن کیفی ٹیریاز‘‘ رکھے گئے ہیں۔ اس کی ملکیت میں ایک نائٹ کلب کا نام ’’بن لادن بار‘‘ رکھا گیا ہے۔ توقع ہے کہ برازیل میں منعقد شدنی فٹبال ورلڈ کپ کے دوران دنیا بھر سے سیاح ’برازیلی بن لادن‘ کے کیفی ٹیریاز کا رخ بھی کریں گے۔ لوگ دور دور سے اس کے پاس صرف یادگاری فوٹو بنوانے کیلئے آتے ہیں لیکن اس کا کہنا ہے کہ امریکہ میں 9/11 واقعے کے بعد اسے برازیلین پولیس متعدد مرتبہ حراست میں لے کر تفتیش کر چکی ہے۔