اساتذہ ‘ طلبا کی قوم کو درپیش مسائل پر غور کیلئے حوصلہ افزائی کریں

نئی دہلی 4 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یوم اساتذہ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان کو تعلیم کے شعبہ عالمی قائد کا رول حاصل کرنا چاہئے کیونکہ یہاں اساتذہ کا بہت احترام کیا جاتا ہے ۔ وزیر اعظم نے اساتذہ سے کہا کہ وہ طلبا کی ملک کو درپیش مسائل سے متعلق سوچنے اور فکر کرنے کی سمت حوصلہ افزائی کریں۔ اساتذہ کے نام اپنے ایک ای میل پیام میں مودی نے ان سے کہا کہ اساتذہ کے عزم اور ان کی سنجیدگی کے نتیجہ میں قوم کا مستقبل طئے ہوگا کیونکہ یہ اساتذہ ہی ہیں جو سماج کی تعمیر کے کام کیلئے بنیادیں رکھتے ہیں۔ مودی نے اساتذہ کو مبارکبادی ے پیام میں کہا کہ تدریس کوئی پیشہ نہیں ہے بلکہ یہ رہنمائی کرنے اور باشعور بنانے کا ایک اہم اور مقدس فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ برادری کا بہت زیادہ احترام کرتے ہوئے ہندوستان نے ایک موقع پر تعلیم کے شعبہ میں عالمی قائد کا رول حاصل کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج بھی اپنے اساتذہ کا اسی طرح احترام کرنا چاہئے

تاکہ ہم دنیا بھر میں اولین مقام حاصل کرسکیں اور ساری دنیا کو ہندوستان کے علم کی روشنی سے منور کرسکیں۔ ناریندر مودی نے کہا کہ آج کے دور میں سیکھنے یا تعلیم حاصل کرنے کا عمل صرف اطلاعات کے حصول تک یا پھر کسی پیشہ کی مہارت یا حصول روزگار کی صلاحیتیں حاصل کرنے تک محدود ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر یہ سب کرنا بھی اہمیت کا حامل ہے لیکن وہ اساتذہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنے طلبا کی سوچ کو وسیع بنانے میں اہم رول ادا کریں۔ قوم کو درپیش جو مسائل ہیں طلبا کو سنجیدگی کے ساتھ ان سے متعلق سوچنے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے ۔ انہیںنہ صرف قوم کو بلکہ سماج اور ماحولیات کے مسائل کے تعلق سے بھی سوچنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایسے بہترین شہری پیدا کرنا ہے جو ماضی کے تحفظ اور مستقبل کی تخلیق کرنے کی اہلیت رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی رفتار نے ہندوستان کو بہتر حکمرانی کی راہ پر ڈال دیا ہے ۔ جہاں تک اساتذہ کی سنجیدگی اور ان کے عزم و استقلال کا سوال ہے اسی کے نتیجہ میں قوم کی قسمت کا تعین ہوسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایسے دن کو حقیقت میں دیکھنا چاہتے ہیں جب ہر طالب علم کو اپنے اساتذہ پر فخر ہو اور ہر ٹیچر کو اپنے طالب علم پر فخر ہو۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ اساتذہ اپنے جو تجربات طلبا کے ساتھ شئیر کرتے ہیں اور ان پر جس طرح سے اثر انداز ہوتے ہیں اس کا طلبا کی زندگیوں پر اثر رہتا ہے ۔ نریندر مودی نے اساتذہ سے کہا کہ وہ سماج کی تعمیر کیلئے بنیدایں رکھ رہے ہیں۔ یہ بہت زیادہ اہمیت کی حامل ذمہ داری ہے کیونکہ اسی پر اس بات کا انحصار ہے کہ ہماری موجودہ اور آئندہ نسلیں کس طرح سے آگے بڑھیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر شہریت کے اسباق اگر کم عمری میں ہی طلبا کے ذہن نشین کروادئے جائیں تو اس سے بہتر سماج کی تشکیل میں بہت مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف سادہ سے ٹریفک قوانین ‘ صفائی ‘ جنسی مساوات اور کمزوروں اور بوڑھوں کی مدد کرنے جیسے امور بھی ہوسکتے ہیں جن سے طلبا کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔