اساتذہ کے تقررات کیلئے اکٹوبر میں اعلامیہ متوقع

حیدرآباد۔/3ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں اساتذہ کے ریشنلائزیشن عمل کی تکمیل کے بعد ہی اساتذہ کے نئے تقررات عمل میں لائے جاسکیںگے کیونکہ اساتذہ کے ریشنلائزیشن کا عمل مکمل ہونے پر ہی اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں کا حقیقی پتہ چل سکے گا۔ لہذا اس عمل کو جلد سے جلد یعنی دسہرہ تہوار تک مکمل کرتے ہوئے ماہ اکٹوبر میں کسی بھی موقع پر اساتذہ کے تقررات سے متعلق ڈی ایس سی اعلامیہ جاری کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ وزیر تعلیم حکومت تلنگانہ مسٹر جی جگدیش ریڈی نے اپنے اس خیال کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اساتذہ تقررات کیلئے جاری کئے جانے والے مجوزہ اعلامیہ سے قبل ہی ٹیٹ ( اساتذہ اہلیتی ٹسٹ ) کے اہل امیدواروں کیلئے ہی ڈی ایس سی ٹسٹ منعقد کئے جانے یا ٹیٹ ( ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ ) کے بغیر ہی اساتذہ کے تقررات پر چیف منسٹر سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔