اساتذہ کے تقررات کا عمل سرویس کمیشن کے حوالے کرنیکا فیصلہ

حیدرآباد /4 جنوری ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے عمل کو تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں حکومت اور تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن عہدیداروں کے مابین بات چیت و تفصیلی غور و خوش کی اطلاعات ہیں ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی وار کہا چونکہ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے اب تک جو بھی تقررات سے متعلق اقدامات کئے وہ بالکلیہ طور پر شفاف اور غیر جانداری کے ساتھ کئے گئے جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے اساتذہ کے تقررات بھی تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ ایک ہی چھت کے نیچے انتہائی شفافیت کے ساتھ انجام دیتے ہوئے تقررات کے عمل کو مکمل کروانا چاہتی ہے ۔ تاہم حکومت کے اعلی عہدیداروں کی جانب سے رائے حاصل کرنے کے بعد ہی تقررات کے عمل کو انجام دینے کیلئے اقدامات کرنے کا تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن ارادہ رکھتا ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اساتذہ کے تقررات عمل میں لانے کے مسئلہ پر بعض اعلی عہدیداروں کی یہ رائے ہے کہ ان تقررات کو سابق طریقہ کار یعنی ڈی ایس سی کے ذریعہ انجام دئے جانے چاہئے جبکہ بعض اعلی عہدیداران کا خیال ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے اساتذہ کے تقررات عمل میں لائے جائیں گے تو یہ بہت ہی بہتر اقدام ہوگا ۔ کیونکہ ٹسٹ پیپرس وغیرہ بھی معیاری انداز میں تیار کئے جاسکتے ہیں اور بہت اچھے انداز میں ٹسٹ منعقد کرکے شفافیت کے ساتھ تقررات کے عمل کو مکمل کیا جاسکتا ہے ۔ علاوہ ازیں مقررہ وقت و مدت کے مطابق اساتذہ کے تقررات کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔