اساتذہ کی قلت کو دور کرنے ودیا والینٹرس کے تقررات

حیدرآباد ۔ 14 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کے سرکاری مدارس میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے مقصد سے جملہ 15,641 ودیا والینٹرس کے تقررات عمل میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کی باقاعدہ منظوری بھی دی ہے۔ ریاست بھر میں اساتذہ کے تبادلوں کی روشنی میں زیادہ سے زیادہ سرکاری مدارس میں اساتذہ کی جائیدادیں مخلوعہ ہوگئی ہیں۔ اساتذہ کے تبادلوں کے عمل میں 8 سال تک ایک ہی اسکول پر خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے بہرصورت تبادلوں کو ناگزیر قرار دیا گیا تھا اور اس کے علاوہ بعض اساتذہ اس 8 سالہ مدت کی تکمیل نہ ہونے کے باوجود دیگر مدارس پر تبادلوں کیلئے درخواستیں پیش کی تھیں جس کی روشنی میں زیادہ سے زیادہ سرکاری مدارس میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے تبادلے عمل میں آنے کی وجہ سے کئی سرکاری مدارس میں اساتذہ کی تعداد میں کمی ہوگئی جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے اساتذہ کی اس کمی کو دور کرنے کیلئے حکومت نے ضرورت کے مطابق ’’ودیا والینٹرس‘‘ کا تقرر عمل میں لانے کا فیصلہ کیا اور سرکاری مدارس میں درکار تعدادکے مطابق ودیاوالینٹرس کے تقررات کرلینے کی تمام ضلع کلکٹروں کو ہدایت دیتے ہوئے ڈائرکٹر ریاستی محکمہ اسکول تعلیم مسٹر وجئے کمار نے احکامات جاری کئے اور ان احکامات میں یہ بات واضح کردی گئی کہ تقرر کردہ ودیا والینٹرس کو ماہانہ 12 ہزار روپئے تنخواہ ادا کی جائے گی۔ بتایا گیا کہ ضلع کلکٹرس اپنے ضلع میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر سے مشاورت کے ذریعہ درکار تعداد کے مطابق ودیا والینٹرس کے تقررات عمل میں لانے کیلئے عاجلانہ اقدامات کریں گے۔