نئی نسل میں اقدار کا فروغ ضروری ، یوم اساتذہ کے موقع پر سید حیدر علی اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں جس طرح جوہری پتھر کو تراش کر جواہرات بناتا ہے اسی طرح قوم کے نونہال کو زیور تعلیم کے ساتھ تربیت اور کردار سازی کا کام اساتذہ انجام دیتے ہیں ماضی میں استاد کا جو مقام اور مرتبہ تھا آج اس کے اقدار میں کمی اور پستی آئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب سید حیدر علی انجینئر مرکزی رکن عاملہ آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی نے یہاں جسارت مشن ہائی اسکول شاہ علی بنڈہ اور ماسٹر مائینڈس گروپ آف انسٹی ٹیوشن فاطمہ نگر وٹے پلی میں یوم اساتذہ کے پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ استاد سماج کے نام اعلی سے اعلی مقام بنانے والے افراد کے ہوتے ہیں جب کوئی فرد اپنی کامیابی یا ترقی کی وجوہات پیش کرتا ہے تو وہ اس کا سہرا اپنے استاد کو باندھتا ہے ۔ مسٹر ایم اے حکیم ، منیر قریشی ، محمد معید نے بھی مخاطب کی ۔ مسٹر ایم اے حمید نے کہا کہ ماضی کے اساتذہ ، طلبہ اور موجودہ اساتذہ کے ساتھ طلبہ کے رویہ کے حالات کی عکاسی کرتے ہوئے بتلایا کہ ماضی میں جب استاد سامنے سے گذرتے تو طالب علم ہٹ جاتے اور احترام میں کھڑے ہوجاتے ۔ آج صورتحال یکسر بدل گئی ہے ۔ آج متعدد جگہ استاد کو اپنے شاگردوں سے پناہ لینا یا استاد آنے پر ان کے شاگردوں کے رویہ میں اتنا فرق آگیا جو اخلاق کی گراوٹ ہے ۔ سماج کے معمار کو سماج میں جو مقام ملنا چاہئے ۔ اس کے لیے والدین بھی اپنے بچوں کو استاد کا مقام بتائے اور خود بھی ان کے مرتبہ کا پاس اور لحاظ رکھیں ۔ آج 5 ستمبر ملک بھر میں یوم اساتذہ کا انعقاد ہے جس کے ذریعہ اساتذہ کو ان کے تدریسی پیشہ کے لیے بھر پور خراج پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔۔