ازدواجی زندگی صالح معاشرے کی ضامن

معذورین کے دوبدو پروگرام سے جناب ظہیر الدین علی خاں اور محترمہ ناصرہ خانم کا خطاب
حیدرآباد 9 فروری (دکن نیوز)ملک میں پہلی مرتبہ سماعت و بصارت سے محروم و جسمانی معذورین مسلم لڑکوں و لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کیلئے آج اسلامک سنٹر لکڑ کوٹ، چھتہ بازار میں اپنی نوعیت کا پہلا دوبدو ملاقات پروگرام منعقد ہوا، جس میں والدین و سرپرستوں کے علاوہ معذور نوجوان لڑکے و لڑکیاں اور مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر کئی رشتے برسر موقع طئے پائے اور ایک طئے شدہ رشتہ کا باقاعدہ طور پر اعلان کیا گیا۔ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، جنہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست و مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم وقت کے تقاضوں کو محسوس کرتے ہوئے معذورین کیلئے خصوصی طور پر اس پروگرام کا اہتمام کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ اس پروگرام کو ملک گیر سطح پر مقبولیت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس پروگرام کیلئے وشاکھاپٹنم سے ایک معذور لڑکی نے ای میل کے ذریعہ اپنا بائیو ڈاٹا بھیجا ہے، انہوں نے معذرت ظاہر کی کہ وہ ریلوے ٹکٹ کے نہ ملنے کے باعث اس پروگرام میں شرکت نہ کرسکی اسی طرح شہر میسور سے بھی سماعت سے محروم بی ای کامیاب لڑکے نے اپنے رشتے کیلئے بذریعہ ای میل بائیو ڈاٹا روانہ کیا۔ جناب ظہیر الدین علی خان نے مسلمانوں پر زور دیا کہ حکومت کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف اسکیمات سے استفادہ کریں۔ حکومت کی جانب سے روا رکھی جانے والی نا انصافیوں سے دلبرداشتہ نہ ہوں۔

ڈاکٹر خالد مبشر الظفر چیر مین آئی آئی سی ڈی و ناظم جماعت اسلامی شہر حیدرآباد نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ آئی آئی سی ڈی کی جانب سے مفت خدمات پر مبنی معذورین کیلئے ایک میریج بیورو قائم کیا جائے گا جہاں ان کی شادیوں کیلئے رجسٹریشن کی سہولت حاصل رہے گی۔ڈاکٹر خالد مبشر نے کہا کہ آج کی دنیا میں معلومات کا حصول ناگزیر ہے، مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ کمیونکیشن ٹکنالوجی اور نئے وسائل سے استفادہ کریں ۔ انہوں نے ادارہ سیاست و مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب سے بڑی خدمت جس کا اجر اللہ تعالی ہی دے گا۔ جناب محمد قیصر صدر تنظیم ہم ہندوستانی ریاض سعودی عرب نے کہا کہ دوبدو ملاقات پروگرام دراصل اصلاح معاشرہ کا ایک مثبت ذریعہ ہے۔ معذور افراد کے رشتے طئے ہونے سے ان میں معذوری کا احساس ختم ہوجائے گا ۔ انہوں نے ہر طرح کے تعاون کا تیقن دیتے ہوئے آئی آئی سی ڈی و ایم ڈی ایف سے خواہش کی کہ اپنے مشن کو جاری رکھے ۔ شادی کے دن کے کھانے کی تحریک کی پر زور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک میں مقیم حیدرآبادیوں نے اس تحریک کا پر جوش انداز میں خیر مقدم کیا ہے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے کہا کہ سیاست و ایم ڈی ایف کی جانب سے اب تک 26 دوبدو ملاقات پروگرام ہوچکے ہیں اور آج کا یہ 27 واں پروگرام اس اعتبار سے منفرد نوعیت کا حامل ہے کہ جس میں معذور لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کو طئے کرنے کا عزم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بندگان خدا کی خدمت قرب الہی کے حصول کی ضمانت ہے، اللہ کے رسولؐ نے خدمت خلق کی تعلیم دی ہے۔

انہوں نے جماعت اسلامی اور آئی آئی سی ڈی کی ملی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ محترمہ ناصرہ خانم ناظم خواتین جماعت اسلامی آندھرا پردیش اڑیسہ نے کہا کہ معذور نوجوانوں میں بھی اسلامی کردار و اخلاق پیدا کرنا چاہئے۔ حسن و سلوک کے ذریعہ بھی اپنی محرومیوں کی پردہ پوشی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے اپنی قدرت کے ذریعہ سماعت سے محروم افراد کو اشاروں کی زبان عطا کی ہے، آج کے دور میں مسلم تنظیموں کو چاہئے کہ وہ خدمت خلق کو اپنا نصب العین بنائے ۔ جناب غلام معین الدین نے خیر مقدم کیا۔ حافظ رشاد الدین آئیڈیل انفارمیشن سنٹر برائے معذورین کی سرگرمیوں سے واقف کروایا۔ جناب قادر علی خان سابق منیجنگ ڈائرکٹر ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے معذور افراد کیلئے تربیتی پروگرامس رکھنے کی تجویز رکھی۔ انہوں نے کہا کہ معذور نوجوانوں کیلئے روزگار کے امکانات وسیع تر ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ مسابقتی امتحانات میں شرکت کریں۔ جناب محمد اظہر الدین نائب صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا نے کہا کہ ازدواجی زندگی کی اہمیت معاشرہ میں توازن اور نیکی پیدا ہونے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوبدو ملاقات پروگرام مسلم معاشرے کے ایک سنگین مسئلہ کو حل کرنے کے سلسلہ میں انقلابی پروگرام کی حیثیت رکھتا ہے۔ جناب سید تبریز بخشی سکریٹری آئی آئی سی ڈی نے پروگرام کی کارروائی چلائی۔

جناب وحید داد خان نے شکریہ ادا کیا۔ مولانا عبدالوہاب قاسمی عربک ٹیچر آئی آئی سی ڈی کی قراء ت کلام پاک و ترجمانی سے کارروائی کا آغاز ہوا۔ دوبدو پروگرام میں جناب حیات حسین حبیب ،شیخ زکی الحسن، مرزا ضیاء الدین بیگ، تنویر الرحمن ،سلمی ریاض، سید وقار الدین، جناب عرفان منیار، مولانا سید عبدالباسط انور ، میر لیاقت علی ہاشمی (سعودی عرب ) کے علاوہ ایم ڈی ایف کے عہدیدار مسرس ڈاکٹر ایوب حیدری، اقبال احمد خان ،ایم اے قدیر نائب صدور) جناب محمد خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری ، میر انور الدین، ڈاکٹر فرحت انور، محترمہ خدیجہ سلطانہ، عرشیہ عامرہ خان، احمد صدیقی میکش، ریحانہ نواز صمد خان ، محمد نصر اللہ خان پبلسٹی سکریٹری فورم ، محمد سمیع الدین ، محمد لئیق نے انتظامات کی نگرانی کی اور کونسلنگ میں حصہ لیا۔ محترمہ نازیہ عزیز اور محترمہ یاسمین نے مترجم کے فرائض بخوبی انجام دیئے۔ 27 واں دوبدو ملاقات پروگرام 5 بجے شام اختتام کو پہنچا جس میں لڑکوں کے 27 اور لڑکیوں کے 30 رجسٹریشن ہوئے۔