ازبکستان سے اہم علاقائی مسائل پر بات چیت

سابق وزیراعظم ہند لال بہادر شاستری کو خراج عقیدت ‘ وزیر خارجہ سشما سوراج کا دورہ
تاشقند، 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سوراج نے اپنے تین ممالک کے دورے کے آخری مرحلے میں ازبکستان کے وزیر اعظم عبداللہ اریپوو اور وزیر خارجہ عبدالعزیز کمیلوو کے ساتھ کاروبار، دفاع، سیکورٹی سمیت دو طرفہ اور علاقائی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔مسز سوراج نے ہفتہ کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں مسٹر اریپوو کے ساتھ ملاقات کی۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئٹ کیا”مسز سوراج نے ازبکستان کے وزیر اعظم عبداللہ اریپوو کے ساتھ تاشقند میں ملاقات کی۔ میٹنگ میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوو کے ہندوستان دورہ پر تبادلہ خیال کیا گیا”۔مسٹر مرزیوو کے اسی سال ہندوستان دورے پر آنے کا امکان ہے ۔ مسز سوراج نے مسٹر اریپوو کے ساتھ ہندوستان ازبکستان کے دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔مسز سوراج نے وزیر خارجہ عبدالعزیز کمیلوو کے ساتھ ملاقات کرکے کاروبار، دفاع اور سیکورٹی سے متعلق ایشوز پر بات چیت کی۔ اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی مسائل پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔مسٹر کمار نے ٹویٹ کیا، "مسز سوراج نے تاشقند میں رہ رہے ہندوستانی برادری کے لوگوں سے بھی خطاب کیا”۔اس سے پہلے مسز سوراج کے ازبکستان کے تاشقند پہنچنے پر وزیر خارجہ عبدالعزیز کمیلوونے ان کا استقبال کیا۔ مسز سوراج نے یہاں سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کے میموریل پرپہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کی۔شاستری کا 1966 میں تاشقند دورہ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا تھا۔مسز سوراج کی قزاقستان، کرغستان اور ازبکستان دورے کو مغربی ایشیائی ممالک کے ساتھ سفارتی شراکت کو مضبوط کرنے کے نقطہ نظر سے دیکھا جا رہا ہے ۔