نئی دہلی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے نئے صدر امیت شاہ نے آج ارکان پارلیمنٹ کو رائے دہندوں سے روابط منقطع کرلینے کے خلاف انتباہ دیا اور ہدایت دی کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے رائے دہندوں کے ساتھ روابط برقرار رکھیں۔ چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات اور چند دیگر ریاستوں میں ضمنی انتخابات عنقریب مقرر ہیں۔ امیت شاہ پارٹی کا صدر بننے کے بعد پہلی بار ارکان پارلیمنٹ کے اجلا سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات اور ضمنی انتخابات کو ایک چیلنج تصور کریں اور اپنی متعلقہ انتخابی حلقوں میں دفاتر قائم کریں تاکہ عوام کے ساتھ روابط برقرار رکھے جاسکیں۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نریندر مودی کررہے تھے۔ انہوں نے پہلے امیت شاہ کا ارکان پارلیمنٹ سے تعارف کروایا اور ارکان نے ان کا گرم جوش استقبال کیا۔ امیت شاہ نے کہا کہ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی غیرکانگریسی حکومت قطعی اکثریت سے قائم ہوئی ہے۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت کی کہ آئندہ انتخابات کو سنجیدگی سے لیں اور اسمبلی انتخابات و ضمنی انتخابات میں پالیسی کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ ان ریاستوں کے ارکان پارلیمنٹ جہاں انتخابات مقرر نہیں ہیں ان ریاستوں میں تعینات کئے جاسکتے ہیں جہاں انتخابات مقرر ہیں۔ اجلاس میں یو پی ایس سی تنازعہ بھی اٹھایا گیا۔ وزیراعظم کے دفتر کے وزیرمملکت جتیندر سنگھ نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ خود وزیراعظم اس مسئلہ کے بارے میں سنجیدہ ہیں اور اس کی یکسوئی بہت جلد کی جائے گی۔ امیت شاہ نے کہا کہ عوام نے ارکان پارلیمنٹ کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد کی ہے۔ پارٹی قائدین اور عوام کو ان سے بہت سی توقعات ہے۔ نئے صدر بی جے پی نے ’’سمبرگ، سمواد اور سمانوے‘‘ (مواصلات مذاکرات اور تعاون‘‘ ارکان اور عوام کے درمیان جاری رہنا چاہئے۔ انہوں نے تمام پارٹی کارکنوں کو بوتھ کی سطح سے سرگرم ہوجانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ پارلیمانی طریقہ کار نے سرگرمی سے شرکت کریں۔ دونوں ایوانوںمیں مباحث کیلئے تیار ہوکر آئیں انہیں اس ذمہ داری کو ذہن نشین رکھنا چاہئے جو عوام نے انہیں سونپی ہے۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے ارکان پارلیمنٹ سے خواش کی کہ پارلیمنٹ میں اپنی حاضری اور مباحث میں سرگرم شرکت کو یقینی بنائیں۔ سینئر قائد ایل کے اڈوانی نے بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے دفتر کے سکریٹری رام کرپال سنہا کی ستائش کی جن کا استعفیٰ پارٹی نے منظور کرلیا ہے۔ آر بالا سبرامنیم کو نیا آفس سکریٹری مقرر کیا گیا۔ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ کا یہ اجلاس اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ بہار کے سوائے کہیں بھی اپوزیشن انتخابات کی تیاری نہیں کررہا ہے۔