اسپیکر سمترا مہاجن کی تاکید۔ اورئینٹیشن پروگرام سے خطاب
نئی دہلی 30 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا کے گذشتہ اجلاس میں ہوئی رکاوٹوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسپیکر سمترا مہاجن نے آج ارکان پارلیمنٹ کو مشورہ دیا کہ پارلیمانی ادارہ جات اگر ایوان کے اندر اخلاق سے عاری ہوں تو ان کی عزت و احترام میں کمی واقع ہوگی ۔ سمترا مہاجن نے پہلی مرتبہ منتخب ارکان پارلیمنٹ کیلئے منعقدہ اورئینٹیشن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایوان کے اندر پارلیمنٹ کی عزت و توقیر کا خیال نہیں رکھا گیا اور خود ارکان اپنے اصول و قواعد کی خلاف ورزیاں کرتے رہیں تو پھر پارلیمانی ادارہ جات کا احترام ختم ہوجائیگا ۔ ارکان پارلیمنٹ کیلئے یہ اورئینٹیشن پروگرام اہمیت کا حامل ہے کیونکہ 16 ویں لوک سبھا میں 543 ارکان میں جملہ 315 ارکان پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں۔ گذشتہ لوک سبھا اجلاس میں کافی ہنگامہ آرائیاں ہوئی تھیں اور کم از کم ایک مکمل سشن 2G اسپیکرم اسکام پر ہوئی ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا تھا اور کئی ارکان اس مسئلہ پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کر رہے تھے ۔ سمترا مہاجن نے کہا کہ پارلیمنٹ کے موثر ہونے اور اس کے احترام کا زیادہ تر انحصار اس کے ارکان پر ہے ۔ ارکان اور ان کے حلقہ جات کے مفادات کو دیکھتے ہوئے انہیں اپنی ذمہ داری سمجھنی چاہئے اور انہیں ایوان میں اس کا عزت و وقار اور ڈسیپلن کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے ۔