ارکان القارات کیٹرینگ کمپنی جدہ کی حیدرآباد میں برانچ

حیدرآباد 26 نومبر (سیاست نیوز) عازمین حج و عمرہ کو اپنی پسندیدہ اور معیاری غذا کی فراہمی کی غرض سے ارکان القارات کیٹیرنگ کمپنی جدہ کی جانب سے حیدرآباد میں کمپنی کی انڈین برانچ ہوٹل گرانڈ پلازا میں افتتاح عمل میں آئے گا۔ اس کی برانچ ٹولی چوکی میں رہے گی۔ اس کا اعلان چیرمین ارکان القارات کمپنی فضیلت الشیخ انجینئر عبداللہ ناصر شمرانی، منیجنگ ڈائرکٹر کمپنی انڈیا حیدرآباد ڈاکٹر توفیق احمد اور انتظامی چیرمین ڈاکٹر خلیل احمد ندوی نے پریس کانفرنس میں کیا۔ انھوں نے بتایا کہ کمپنی کی برانچ حیدرآباد بلکہ انڈیا کی واحد برانچ رہے گی۔ کمپنی جو منسٹری آف ہیلت سعودی عربیہ کی مسلمہ کمپنی ہے جس کا ہیڈ آفس سعودی عرب جدہ میں واقع ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سعودی حکومت نے آتشزدگی سے ہونے والے حادثات کے تدارک کے لئے حرمین شریفین میں قیام پذیر عمرہ و حج کیلئے آنے والے اللہ کے مہمانوں کے لئے حال ہی میں نئی غذائی پالیسی کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے معتمرین و حجاج کرام اپنی قیامگاہوں پر پکوان نہیں کرسکتے۔ ان کے لئے کیٹرنگ سرویس پیش کرنے والی کمپنی یا ہوٹل میں کھانے کا نظم کرنا ہوگا۔

اس طرح سے نئی غذائی پالیسی نافذ کئے جانے پر جدہ (سعودی عرب) کی کیٹرنگ کمپنی ارکان القارات نے ہندوستانی عازمین حج و عمرہ کیلئے خالص ہندوستانی طرز پر مشتمل علاقائی ذوق و معیار کا لحاظ کرتے ہوئے غذا کی فراہمی کا پیشکش کیا ہے۔ جہاں کے عازمین کو حرمین شریفین میں قیام کے دوران کیٹرنگ خدمات پیش کرے گی۔ کمپنی مینو کے مطابق بفیٹ سسٹم، ہوم ڈیلیوری، فیملی پیاک یا انفرادی پیاک کی تمام کمرے تک پارسل کی سہولیات کے علاوہ واجبی دام پر معیاری غذا کو فراہم کرے گی۔ انھوں نے بتایا کہ کیٹرنگ کمپنی کی یہ کوشش رہے گی کہ عازمین کو مرضی کے مطابق ان کی قیامگاہ پر وقت پر غذا مہیا کرسکے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ حج و عمرہ ٹور آپریٹرس اور حج کمیٹی حکومت تلنگانہ و اے پی کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کرکے کیٹرنگ کمپنی سے متعلق تفصیلات کو واقف کروایا جائے گا۔ اس موقع پر کیٹرنگ کمپنی کے ذمہ داران ڈاکٹر لئیق احمد، حافظ شیخ احمد عبدالشکور بھی موجود تھے۔