تلنگانہ تلگودیشم کی جانب سے تمام ارکان اسمبلی کے اجلاس کی طلبی
حیدرآباد 21 اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کو بعض ارکان اسمبلی کی برسر اقتدار جماعت تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرجانے کی صورت میں زبردست دھکہ پہونچنے کا امکان ہے ۔ لیکن تلنگانہ تلگو دیشم کے قائدین اس صورتحال سے نمٹنے موثر و مثبت اقدامات شروع کرچکے ہیں ۔ تمام ارکان اسمبلی کو ایک مقام پر طلب کرنے کے مقصد سے ارکان اسمبلی کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن اسمبلی حلقہ کوکٹ پلی تلگو دیشم مسٹر کرشنا راو کے تلگو دیشم سے مستعفی ہو کر برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ لیکن مسٹر کرشنا راؤ نے تلگو دیشم سے مستعفی ہونے اور ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے سے متعلق اطلاعات کی تردید کی اور ان تمام اطلاعات کو غلط و بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ وہ تلگو دیشم سے ہی وابستہ رہیں گے ۔ وہ صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کے 24 اپریل کو دورہ محبوب نگر میں شامل رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محض صدر پارٹی چندرا بابو نائیڈو کے دورہ ضلع محبوب نگر کو ناکام بنانے کی کوشش کے سوا اور کچھ نہیں ہے ۔ اسی طرح رکن اسمبلی حلقہ ابراہیم پٹن تلگو دیشم پارٹی مسٹر کشن ریڈی کی بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے کی افواہیں گرم ہیں ۔ اسی دوران ایک اور ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کشن ریڈی نے اپنے قریبی رفقاء اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ ٹی آر ایس میں شامل ہونے کے تعلق سے مشاورتی اجلاس بھی منعقد کیا ۔