حیدرآباد۔ 21 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت تلنگانہ قانون ساز کونسل کیلئے منعقد ہونے والے ایم ایل سی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد و انتخابی مفاہمت واضح ہوچکی ہے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کی 5 نشستوں کے لئے انتخاب لڑنے والی تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی بھرپور تائید و حمایت کرنے کا مقامی مجلس پارٹی نے اظہار کردیا ہے۔ ان 5 ایم ایل سی کی نشستوں کیلئے انتخابی مقابلہ ہونے کی صورت میں مجلس، ٹی آر ایس امیدواروں کو اپنا ووٹ دے گی۔ اس کے علاوہ ایک اور نشست کیلئے تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے انتخابی مقابلہ کرنے والے مسٹر وی نریندر ریڈی کی تائید میں بی جے پی ارکان اسمبلی ووٹ دیں گے کیونکہ گزشتہ اسمبلی انتخاب کے موقع پر بی جے پی اور تلگو دیشم پارٹی نے انتخابی مفاہمت کرکے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور اس مفاہمت کے نتیجہ میں تلگو دیشم پارٹی، آندھرا پردیش ریاست میں بی جے پی کو ایک نشست فراہم کرتے ہوئے انتخابی مقابلہ ہونے کی صورت میں بی جے پی امیدوار کی تائید کرے گی۔