ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت کونسل انتخابات کا شیڈول جاری

حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) آندھرا پردیش اور تلنگانہ ریاستوں میں ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت ارکان قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ آندھرا پردیش میں 4 نشستوں اور ریاست تلنگانہ میں 6 نشستوں کیلئے انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ تقسیم ریاست قانون کے تحت آندھرا پردیش کیلئے 3 ارکان قانون ساز کونسل کی نشستیں کم ہوئی ہیں اور اب مرکزی وزارت داخلہ کے امکانات کی روشنی میں ان تین نشستوں کو بھی پُر کیا جائے گا۔ ماہ جنوری میں کانگریس رکن قانون ساز کونسل کی موت واقع ہوجانے کے باعث ان کی نشست خالی ہوئی ہے۔ اس طرح ریاست آندھرا پردیش میں 4 ارکان قانون ساز کونسل نشستوں کیلئے انتخابات منعقد ہوں گے۔ تمام مئی کو اعلامیہ (نوٹیفکیشن) جاری ہوگا۔ 21 مئی تک پرچہ جات نامزدگیاں قبول کی جائیں گی۔ 22 مئی کو پرچہ جات نامزدگیوں کی جانچ کی جائے گی۔ 23 تا 25 مئی کو پرچہ جات نامزدگیوں کی جانچ کی جائے گی۔ 23 تا 25 مئی تک پرچہ جات نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کرنے کی مدت رہے گی۔ اس عمل کی تکمیل کے بعد یکم جون کو ارکان قانون کونسل نشستوں کیلئے رائے دہی ہوگی۔ رائے دہی کے اوقات صبح 9 بجے تا شام 4 بجے تک رہیں گے اور اسی دن شام 5 بجے سے ووٹنگ کی گنتی کا آغاز ہوگا۔ اسی طرح ریاست تلنگانہ میں بھی ارکان قانون ساز کونسل انتخابات کیلئے مذکورہ شیڈول ہی رہے گا۔