ارون جیٹلی کے ریمارک کیخلاف مہیلا کانگریس کا احتجاج

نئی دہلی ۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مہیلا کانگریس ورکرس کے ایک گروپ نے آج مرکزی وزیر ارون جیٹلی کے ریمارک کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ارون جیٹلی نے عصمت ریزی واقعہ کو معمولی قرار دیا تھا۔ ان خواتین نے کہا کہ ملک میں خواتین کی توہین ناقابل برداشت ہے۔ ہم ارون جیٹلی سے معذرت خواہی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ارون جیٹلی کو یہ بات فوری قبول کرنا چاہئے کہ انہوں نے غلط ذہنیت سے اظہارخیال کیا تھا۔ اپنی حرکت پر ندامت ظاہر کرتے ہوئے معافی مانگنی چاہئے۔ مہیلا کانگریس کمیٹی کی صدر شوبھا اوجھا نے کہا کہ ارون جیٹلی نے توہین آمیز ریمارک کے ذریعہ خواتین کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ مہیلا کانگریس ورکرس نے جیٹلی کے 9 اشوکا روڈ رہائش گاہ کی جانب مارچ نکالنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔ احتجاجی خواتین نے بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے اور ارون جیٹلی کا پتلا نذرآتش کیا۔