’ عاپ ‘ ارکان اسمبلی کی بداعمالیوں کے خلاف احتجاج، دہلی ریلوے اسٹیشن پر گھیراؤ اور چوڑیوں سے حملہ
نئی دہلی؍لدھیانہ۔/8ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال آج اپنی عام آدمی پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کیلئے پنجاب پہنچے۔ اسمبلی انتخابات کیلئے انہوں نے تازہ مہم کا آغاز کیا ہے۔ پارٹی کے ارکان اسمبلی کے خلاف رشوت ستانی اور بدعنوانیوں کے الزامات، ناراضگیوں کا سامنا کرنے والے چیف منسٹر دہلی نے اندیشہ ظاہر کیا کہ انتخابات میں ان کی پارٹی کو شکست دینے کیلئے بدنام کیا جارہا ہے۔ عام آدمی پارٹی پہلی مرتبہ دہلی سے باہر انتخابی میدان میں اتر رہی ہے جبکہ اس نے دہلی کے 2015ء اسمبلی انتخابات میں 70 رکنی اسمبلی کے منجملہ 67 پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ بی جے پی کو صرف 3 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ اروند کجریوال کے خلاف عملاً بی جے پی اور اس کی حلیف اکالی دل اور کانگریس کارکنوں کے محاصرہ میں آگئے جبکہ ’ عاپ ‘ لیڈروں کی بداعمالیوں کے خلاف ریلوے اسٹیشن پر احتجاج کیا گیا۔ پنجاب میں انتخابی مہم کو آگے بڑھانے کیلئے چیف منسٹر ریاست کے 4 روزہ دورہ پر ہیں۔ دہلی بی جے پی مہیلا مورچہ کی صدر کمل جیت شیراوت اور پارٹی ترجمان پروین کپور نے اس موقع پر نعرے بلند کرتے ہوئے کجریوال کی سمت چوڑیاں پھینکیں۔ وہ آج صبح 7 بجے پنجاب کی ٹرین میں سوار ہونے کیلئے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 1 پہنچے تھے۔ بعض احتجاجیوں کی پولیس کے ساتھ مڈبھیڑ ہوگئی جس میں کجریوال پھنس گئے ۔
احتجاجیوں کا ارویند کجریوال سے مطالبہ تھا کہ عاپ ارکان اسمبلی کے غلط برتاؤ پر لب کشائی کریں۔سندیپ کمار ( سابق وزیر دہلی ) کی مدافعت کرنے پر اشوتوش کو پارٹی سے نکال دیاجانے۔دریں اثناء چیف منسٹر کے ساتھ بی جے پی کے خاتون احتجاجیوں کی بدتمیزی کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کو مورد الزام ٹہراتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے کہا کہ منصوبہ بند احتجاج کے دوران دہلی پولیس خاموش تماشہ دیکھ رہی تھی۔
تاہم بی جے پی نے چیف منسٹر کے ساتھ بدتمیزی کی تردید کی اور کہا کہ پارٹی کارکنوں نے صرف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ پارٹی ترجمان پروین کپور نے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ جو لوگ عوام کو احتجاج پر اُکساتے تھے آج سیاسی احتجاج کو حملہ قرار دے رہے ہیں۔ مہیلا کانگریس ضلع لدھیانہ کی صدر لینا تپریا کی زیر قیادت پارٹی کارکنوں نے بھی’ کجریوال واپس جاؤ‘ کے نعرے بلند کئے۔ لدھیانہ ریلوے اسٹیشن سے باہر نکلتے ہی کجریوال کو ایک ہندو تنظیم کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تاہم پنجاب پولیس نے کسی بھی احتجاجی کو چیف منسٹر کے قریب آنے نہیں دیا اور ان کی آمد کی اطلاع پر پولیس کا وسیع بندوبست کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ کرکٹر سے سیاستداں بن جانے والے نواجیت سدھو ( سابق ایم پی بی جے پی ) کی جانب سے ایک نئی سیاسی جماعت ’ آواز پنجاب ‘ کے قیام کے اعلان کے بعد عام آدمی پارٹی سربراہ کا پہلا دورہ پنجاب ہے جہاں پر وہ‘ کانگریس اور اکالی دل ۔ بی جے پی اتحاد کے خلاف عام آدمی پارٹی کو تیسرا سیاسی متبادل کے طور پر پیش کرنے کی کوشش میں ہیں۔ ان کا یہ دورہ پارٹی کارکنوں میں جوش و خروش پیدا کرنے میں کارگر ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ پنجاب کنوینر کی حیثیت سے سچا سنگھ چھوٹے پور کی برطرفی کے بعد پارٹی کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ دوسری طرف اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی سے محروم کارکوں میں بھی برہمی پیدا ہوگئی ہے۔