نئی دہلی ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اروند مایارام جن کا وزارت مالیات سے وزارت سیاحت میں صرف پندرہ روز قبل تبادلہ کیا گیا تھا لیکن اب انہیں ایک بار پھر تبادلہ کا سامنا کرنا پڑا جہاں انہیں وزارت اقلیتی امور میں سکریٹری کی حیثیت سے تبادلہ کیا گیا ہے حالانکہ وزارت سیاحت میں انہیں تفویض کی گئی ذمہ داری کا انہوں نے جائزہ بھی حاصل نہیں کیا تھا۔ ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ (Dopt) کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق کابینہ کی اپائنمنٹ کمیٹی (ACC) نے مایارام کی تقرری کے احکامات کو منسوخ کیا ہے جو راجستھان کیڈر کے 1978 بیاچ کے آئی اے ایس آفیسر ہیں۔ مایارام کی جگہ پرراجیو مہارشی کی تقرری عمل میں آئی ہے جو راجستھان کے چیف سکریٹری تھے، 15 اکٹوبر کو انہیں فائنانس سکریٹری مقرر کیا گیا۔ مایارام کو للت کے پنور کی جگہ پر وزارت اقلیتی امور کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے جبکہ نپور کو وزارت سیاحت میں سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
امراوتی۔ ممبئی ایکسپریس پٹری سے اتر گئی
ممبئی ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے نواحی علاقہ میں امراوتی ۔ ممبئی ایکسپریس ٹرین آج صبح پٹری سے اتر گئی۔ دریں اثناء صدرنشین ریلوے بورڈ ارونیندر کمار نے بتایا کہ حادثہ صبح 4.50 بجے پیش آیا جہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ ٹرین کی رفتار بیحد دھیمی یعنی 15 کیلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔ انہوں نے توثیق کرتے ہوئے کہا کہ امراوتی۔ ممبئی ایکسپریس ٹرین کے دو ڈبے آج صبح پٹری سے اتر گئے۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈبے کو بحال کردیا گیا ہے جبکہ 11 بجے تک دوسرا ڈبہ بھی پٹری پر لانے کی کوشش جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بچاؤ کاری عملہ اور سینئر منیجر جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں۔