ارونا چل پردیش ہندوستان کا اٹوٹ حصہ

ایٹانگر ۔ 26 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): مرکزی مملکتی وزیر داخلہ مسٹر کرن رجیجو نے آج بتایا کہ اروناچل پردیش ملک کا اٹوٹ حصہ ہے اور حکومت علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عہد پر کاربند ہے ۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے اور ہم ریاستوں کی علاقائی سالمیت کے تحفظ پر اٹل ہیں ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ چین کے دعویٰ میں کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ لیکن ہم پوری سنجیدگی اور مخلصانہ کوششوں کے ساتھ ہماری علاقائی سالمیت کے تحفظ پر کار بند ہیں ۔ اور ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے حالیہ دورہ چین کے موقع پر طیرانگاہ پر آمد کے ساتھ ویزا کی اجرائی اور سرحدوں کا مسئلہ اٹھایا ہے ۔ مسٹر کرن رجیجو نے کہا کہ میں اب ریاستی عوام کے ساتھ ہوں اور انہیں صورتحال پر فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ زمینی حقائق سے انحراف ممکن نہیں ہے ۔ مرکزی وزیر کا یہ ردعمل ایسے وقت آیا ہے جب کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کل یہ اعادہ کیا ہے کہ اروناچل پردیش ، جنوبی تبت کا حصہ ہے اور چینی حکومت میک موہن لائن کو تسلیم نہیں کرتی جو کہ غیر قانونی ہے ۔۔