تیز پور / گوہاٹی 5 جون ( سیاست ڈاٹ کام )آسام کے ضلع سونی پور میں ارونا چل پردیش کے باشندوں کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کے خلاف آج تشدد پھوٹ پڑا جبکہ مقامی لوگوں نے پڑوسی ریاست سے آنے والی گاڑیوں کو قومی شاہراہ نمبر 15 پر نذر آتش کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ ایک شخص کلو اورنگ نے کل اپنے 3 ساتھیوں کے ہمراہ پڑوسی ریاست ارونا چل پردیش کے جنگل میں لکڑیاں کاٹنے کیلئے گیا تھا لیکن وہ آج صبح تک واپس نہیں آیا جبکہ دیگر 3 نے پولیس کو اطلاع دی کہ ارونا چل کے باشندوں نے کلو کو ماردیا ہے اس واقعہ پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے مقامی افراد نے اروناچل جانے والی قومی شاہراہ نمبر 15 پر ٹریفک روک دی اور وہاں سے آرہی گاڑی کو مسافرین سے نیچے اتر جانے کی خواہش کے بعد آگ لگادی اور پولیس مہلوک کی نعش حاصل کرنے بہیال میں حالات پر قابو پانے پہنچ گئی ۔ دریں اثناچیف منسٹر ترون گوگوئی نے آج ارونا چل پردیش کے ہم منصب نبم ٹوکی سے کہا کہ پرتشدد واقعہ کے پیش نظر بین ریاستی سرحد پر کشیدگی ختم کرنے کیلئے فی الفور اقدامات کریں ۔ انہوں نے حالات کو بحال کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔