حیدرآباد، 22؍ جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میںداخلوں کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں پالی ٹیکنیک کے لیے پہلے رینک سے 768 تک کونسلنگ 26؍ جون 2018 کو صبح 8 بجے سے حیدرآباد، دربھنگہ، بنگلورو، کڑپہ اور کٹک میں ہوگی۔ مابقی تمام رینکس کے لیے 27؍ جون کو کونسلنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ پروفیسر پی فضل الرحمن ، ڈائرکٹر، نظامت داخلہ نے بتایا کہ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے ہمراہ تنقیح کے لیے اصل اسناد کے ساتھ دو عدد نقول کے سیٹ ساتھ لائیں۔ کونسلنگ میں منتخب ہونے والے طلبہ کو اسی وقت فیس ادا کرنی ہوگی۔ حیدرآباد میں لڑکوں کے لیے 2750 روپئے اور لڑکیوں کے لیے 1150 روپئے فیس بذریعہ آن لائن بینکنگ یا کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ کے ذریعہ ادا کرنی ہو گی۔ دیگر پالی ٹیکنیک کالجس کے لیے لڑکوں کے لیے 2550 روپئے اور لڑکیوں کے لیے 950 فیس ہوگی۔ رینک کی فہرست و دیگر تفصیلات یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.ac.in سے یا حیدرآباد میں داخلے کے خواہشمند طلبہ فون نمبر 040-23008413، دربھنگہ (بہار) 06272-210053، بنگلورو 080-23181062 ، کڑپہ 8374116768 اور کٹک (اڈیشہ) کے طلبہ 9868521777 سے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی، پی ایچ ڈی پروگرامس میں داخلے کے لیے ایسے امیدوار جنہوں نے آن لائن فارم داخل کیا ہو اور یوجی سی / سی ایس آئی آر جے آر ایف/ نیٹ / سلیٹ یا GATE کامیاب یا متعلقہ مضمون میں ایم فل کی تکمیل کی ہو کے لیے راست انٹرویو کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ انٹرویو 14 تا 18؍ جولائی کو منعقد ہوں گے۔ امیدواروں کی فہرست یونیورسٹی ویب سائٹ پر جاری کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آن لائن داخلہ فارم میں تصحیح یا تبدیلی کی سہولت 5؍ جولائی تک فراہم کی گئی ہے۔ درخواست گزار میرٹ کی اساس کے کورسز کے لیے حالیہ عرصہ میں حاصل کردہ نشانات کو بھی پہلے سے داخل کردہ فارم میں درج کرسکتے ہیں۔