اردو یونیورسٹی انٹرنس ٹسٹ، ہال ٹکٹ ویب سائٹ پر دستیاب

حیدرآباد24مئی(یواین آئی)مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے انٹرنس ٹسٹ کی اسا س پر داخلے کے مختلف روایتی طرز کے کورسز اور بی ایڈ (فاصلاتی) کے داخلہ امتحانات 26 اور 27 ؍ مئی 2018 کو منعقد کیے جارہے ہیں۔ ہال ٹکٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.manuu.ac.in پر جاری کردیئے گئے ہیں۔ روایتی طرز کے کورسز کے داخلہ امتحان یونیورسٹی ہیڈ کوارٹر حیدرآباد کے علاوہ آسنسول (مغربی بنگال)، اورنگ آباد (مہاراشٹر)، اعظم گڑھ، سنبھل ، لکھنؤ (اتر پردیش)، بنگلورو ، بیدر (کرناٹک)، بھوپال (مدھیہ پردیش)، کٹک (اڈیشہ)، دربھنگہ، کشن گنج ، پٹنہ (بہار)، دہلی (این سی آر)، گوہاٹی (آسام)، کڑپہ (آندھرا پردیش)، سری نگر (جموں و کشمیر) میں منعقد ہونگے ۔ بی ایڈ (فاصلاتی) کیلئے انٹرنس ٹسٹ اس کے مراکز واقع حیدرآباد، پونے ، آسنسول، پٹنہ، سری نگر، جموں، دہلی، بھوپال، بنگلور اور اورنگ آباد میں منعقد کیے جائیں گے ۔ امیدوار یونیورسٹی ویب سائٹ پر دستیاب لنک کے ذریعہ ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ امیدواروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ ہال ٹکٹ کے علاوہ اپنا کوئی معتبر فوٹو شناختی کارڈ ساتھ رکھیں تاکہ شناخت کی جاسکے جن امیدواروں کے پاس ہال ٹکٹ اور شناختی کارڈ نہیں ہوگا انہیں امتحان لکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔