ڈاکٹر کے کیشوراؤ کا محمد محمود علی سے استفسار، چارمینار کا شام غزل پروگرام عہدیداروں کیلئے سیروتفریح کا سبب
حیدرآباد۔/6جون، ( سیاست نیوز) جشن تلنگانہ کے اردو پروگراموں میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی عدم شرکت کا پارٹی کے قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راؤ کو شدت سے احساس ہوا اور انہوں نے اردو پروگراموں کے ذمہ داروں پر ناراضگی ظاہر کی۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآبادی تہذیب کے نمائندہ اور گنگاجمنی تہذیب کے علمبردار ڈاکٹر کیشوراؤ کل رات تاریخی چارمینار کے دامن میں غزل سنگر غلام علی کے پروگرام میں شرکت کیلئے پہنچے۔ انہوں نے اس موقع پر چیف منسٹر کی عدم موجودگی کے بارے میں ڈپٹی چیف منسٹر اور دیگر عہدیداروں سے استفسار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کیشو راؤ نے اس بات پر ناراضگی ظاہر کی کہ متعلقہ افراد نے اردو کے ایک بھی پروگرام میں چیف منسٹر کی شرکت کو یقینی بنانے کی کوشش نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخی چارمینار کے دامن میں منعقدہ پروگرام میں چیف منسٹر کی شرکت ضروری تھی کیونکہ ایک تاریخی نوعیت کا پروگرام ہے۔ کیشو راؤ نے کہا کہ تاریخی چارمینار کے دامن میں ’’ شام غزل ‘‘ کا جس اہتمام سے انعقاد عمل میں آیا اس سے قلی قطب شاہ دور کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخی چارمینار کے دامن میں اس سے قبل 400سالہ جشن حیدرآباد کے سلسلہ میں پروگرام منعقد کیا گیا تھا اس کے بعد جشن تلنگانہ کا پروگرام ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں اور ڈپٹی چیف منسٹر کی ذمہ داری تھی کہ وہ کسی ایک پروگرام اور خاص طور پر تاریخی چارمینار کے پروگرام کے لئے چیف منسٹر سے وقت حاصل کرتے۔ کیشو راؤ نے عہدیداروں پر واضح کیا کہ اگر چیف منسٹر سے اس پروگرام کیلئے وقت طلب کیا جاتا تو وہ ضرور اس میں شریک ہوتے۔ اس قدر اہم پروگرام میں چیف منسٹر کو مدعو نہ کرنا افسوسناک ہے۔ عہدیداروں اور ڈپٹی چیف منسٹر نے وضاحت کی کہ پروگراموں کی تفصیلات چیف منسٹر کو پیش کی گئی تھیں لیکن وہ اپنی مصروفیات کے سبب شرکت نہ کرسکے۔ اردو سے ہمدردی کا اظہار کرنے والے چیف منسٹر کی اردو سے متعلق کسی پروگرام میں عدم شرکت یقیناً ایک سوالیہ نشان ہے۔ ڈاکٹر کیشو راؤ جو حقیقی معنوں میں اردو کے پرستار اور حیدرآبادی تہذیب کی علامت ہیں انہوں نے ٹریفک تحدیدات کے سبب مختلف دشواریوں کا سامنا کرتے ہوئے ’ شام غزل ‘ میں شرکت کی۔ وہ پروگرام کے آغاز سے اختتام تک شریک رہے اور بعض غزلوں کی بھی فرمائش کی۔ اس کے برخلاف ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے رات 11بجے پروگرام میں شرکت کی جس پر کیشو راؤ نے بھی حیرت کا اظہار کیا۔ جن شخصیتوں کو ابتداء سے موجود رہنا چاہیئے وہ اختتام کے قریب شامل ہوئے۔ پروگرام کے بعد کئی عہدیداروں نے جو اپنے افراد خاندان کے ساتھ پہنچے تھے تاریخی چارمینار کے دامن میں کافی دیر تک تصویر کشی اور ویڈیو گرافی کے ذریعہ ان تاریخی لمحات کو اپنے کیمروں میں قید کرلیا۔ اس طرح ’ شام غزل ‘ کا یہ پروگرام بعض عہدیداروں اور ان کے افراد خاندان کی سیر و تفریح کا سبب بن گیا۔