اردو کتابوں اور تاریخی مخطوطات سے دانا کشور کی دلچسپی

اردو لائبریری ملک پیٹ کا دورہ، ڈیجٹلائیزیشن کے لیے گرانٹ کا تیقن
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود ایم دانا کشور نے آج ایچ ای ایچ دی نظامس ٹرسٹ اردو لائبریری واقع مسجد عثمانیہ ملک پیٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے لائبریری میں موجود علمی ذخیرہ کی ستائش کی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے تمام تاریخی اور قیمتی کتابوں کو ڈیجٹلائیز کرنے ، عمارت کی ضروری مرمت اور علمی ذخیرہ کا کیٹلاگ انگریزی میں تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ دانا کشور نے کافی دیر تک لائبریری میں وقت گزارا اور کتابوں کے علاوہ مخطوطات کا مشاہدہ کیا ۔اس لائبریری میں حیدرآباد کے اردو اخبارات کی جلدیں محفوظ ہیں۔ انہوں نے خاص اخبارات کی قدیم جلدوں کا مشاہدہ کیا اور اس وقت کی اشاعت کا مشاہدہ کیا۔ دانا کشور نے دورہ عثمانی کے قانونی جریدہ دکن لاء رپورٹ کی جلدوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے حیدرآباد کی تاریخ اور اس سے متعلق اہم حصوں کی تفصیلات حاصل کیں اور بعض کتابوں کی تصویر اپنے فون میں قید کرلی ۔ دانا کشور نے کہا کہ حکومت کو شہر اور تاریخی عمارتوں کی حفاظت سے گہری دلچسپی ہے۔ انہوں نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ کچھ پراجکٹ کے ذریعہ چارمینار کے تحفظ کے علاوہ علاقہ کو خوبصورت بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے کتابوں کے ڈیجٹلائیزیشن کے لئے گرانٹ منظور کرنے کا تیقن دیا ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے لائبریری کے ذمہ داروں کو مشورہ دیا کہ وہ اردو کی اہم لائبریریوں کی فہرست تیار کریں اور ان کے تحفظ اور ترقی کے سلسلہ میں سمینار منعقد کیا جائے۔ ضیاء الدین نیر ٹرسٹی ، محترمہ شمع پروین انچارج سکریٹری اور سید حیدر حسینی آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی نے دانا کشور کا استقبال کیا اور بتایا کہ پرنس مفخم جاہ بہادر اس لائبریری کے صدرنشین ہیں۔ مختلف موضوعات اور مضامین پر 22000 سے زائد کتابیں لائبریری میں موجود ہیں جن میں سے 1500 نایاب کتب اور 750 سے زائد نادر مخطوطات ہیں۔ ٹرسٹ کی 11 مطبوعات شائع ہوچکی ہیں۔ کیٹلاگ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے ۔ حیدرآباد کی یونیورسٹیز کے علاوہ بہار ، کشمیر ، کرناٹک ، مغربی بنگال اور دیگر علاقوں کے اسکالرس ان کتابوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔ ممتاز محقق اکبرالدین صدیقی نے 5000 کتابوں کا لائبریری کو عطیہ دیا ۔