اردو نہیں آتی لیکن شاعری اچھی لگتی ہے : گورنر نرسمہن

حیدرآباد /7 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گورنر ای ایس ایل نرسمہن جو اپنی خاموش مزاجی کیلئے شہرت رکھتے ہیں ، آج اردو کی شیرنی اور کشش پر اپنے جذبات کا اظہار کئے بغیر نہیں رہ سکے ۔ شلپا کلا ویدیکا میں اپنی شریک حیات محترمہ ویملا نرسمہن کے ساتھ 9 ویں قادر علی بیگ تھیٹر فاؤنڈیشن کا افتتاح کرنے کے بعد گورنر نرسمہن نے اردو زبان اور تھیٹر پر اظہار خیال کے دوران رسمی خطاب سے ہٹ کر کہا کہ ’’ مجھے اردو نہیں آتی لیکن میں یہ شیریں زبان سمجھ ضرور سکتا ہوں ۔ یہ ایک پرکشش زبان ہے ۔ بالخصوص اردو کی شاعری دل میں اتر جاتی ہے ‘‘ گورنر نرسمہن نے پروگرام کے اختتام سے قبل اپنے دور کی مقبول و معروف فلم ’’ ہم دونوں ‘‘ میں افسانوی گلوکار محمد رفیع کی آواز میں دیو آنند پر فلمائے گئے اس نغمہ کے بول ’’ ابھی نہ جاؤ چھوڑکر کہ دل ابھی بھرا نہیں ‘‘ دہراتے ہوئے سامعین کو محظوظ کیا ۔ واضح رہے کہ گورنر نرسمہن جو مرکزی جاسوس ادارہ انٹلیجنس بیورو ( آئی بی ) کے سابق سربراہ بھی ہیں ۔ بالعموم خاموشی کو ترجیح دینے اور ٹھوس عملی اقدامات کرنے کیلئے شہرت رکھتے ہیں ۔