جناب سید وقار الدین اور ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی ، ایڈیٹر نئی دنیا شاہد صدیقی کی شرکت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز ایڈیٹر گواہ اردو ویکلی کی تصنیف اردو میڈیا کل آج کل کے دوسرے ایڈیشن کی رسم رونمائی وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اسلم پرویز ہفتہ 5 دسمبر کو 11-30 بجے دن سالار جنگ میوزیم ویسٹرن بلاک آڈیٹوریم میں انجام دیں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی مہمان خصوصی ہوں گے جب کہ ممتاز صحافی ، دانشور شاہد صدیقی ایڈیٹر نئی دنیا و سابق رکن پارلیمنٹ صدارت کریں گے ۔ پروفیسر فاطمہ بیگم پروین سابق وائس پرنسپل و صدر شعبہ اردو جامعہ کالج آف آرٹس جامعہ عثمانیہ ، پروفیسر ایس اے شکور سکریٹری / ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی تلنگانہ ، جناب ظفر جاوید جنرل سکریٹری فیڈریشن آف اے پی ماینارٹیز ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس اور ڈاکٹر علیم خاں فلکی صدر سوشیاریفورم سوسائٹی جدہ مہمانان اعزازی میں شامل ہیں جب کہ شہرکی معروف شخصیات بھی شرکت کریں گے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اردو میڈیا کل آج کل 110 ابواب اور 500 صفحات پر مشتمل برصغیر ہند و پاک میں اردو میں میڈیا سے متعلق اس نوعیت کی پہلی کتاب ہے جس میں 500 تصاویر بھی شامل ہیں ۔ تقریب کے کنوینرس ڈاکٹر محمد شجاعت علی راشد جوائنٹ کنوینرس ڈاکٹر عبدالرشید جنید اور سید خالد شہباز ہیں ۔۔