اردو سے متعلق سوال کا جواب تلگو میں

محمد محمود علی کے بجائے ای راجندر کو جواب کی ذمہ داری
حیدرآباد 10 مارچ (سیاست نیوز)اردو زبان سے متعلق سوال کا تلگو میں جواب دیتے ہوئے حکومت نے قانون ساز کونسل کے ارکان کو حیرت میں ڈال دیا۔ اس کے علاوہ اردو سے متعلق سوال کے جواب کی ذمہ داری ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے بجائے وزیر فینانس ای راجندر کو دی گئی۔ اگرچہ یہ سوال چیف منسٹر سے متعلق تھا لیکن وزیر فینانس نے اس کا جواب دیا جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی ایوان میں موجود تھے۔ جیسے ہی محمد علی شبیر کے اس سوال کے جواب کا موقع آیا صدر نشین کونسل سوامی گوڑ نے جواب کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر کا نام پکارا تاہم وزیر فینانس نے کہا کہ جواب کی ذمہ داری انہیں دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ اسمبلی اجلاسوں میں اقلیتی بہبود سے متعلق امور کی ذمہ داری ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کو دی گئی تھی لیکن جاریہ بجٹ سیشن میں ابھی تک اس سلسلہ میں احکامات جاری نہیں کئے گئے ۔ ای راجندر نے اردو کی ترقی سے متعلق سوال کا تلگو زبان میں جواب دیا۔ اس سوال کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر نے ایک مرحلے پر مداخلت کی تاہم صدر نشین نے انہیں یہ کہتے ہوئے روک دیا کہ وہ متعلقہ وزیر نہیں ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے خلیجی ممالک میں تارکین وطن سے متعلق سوال کے دوران بھی مداخلت کی ۔ اس سوال کا جواب وزیر فینانس ای راجندر نے دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اقلیتی بہبود سے متعلق سوالات کے جوابات اقلیتی بہبود کے عہدیدار چیف منسٹر کے دفتر روانہ کررہے ہیں کیونکہ اقلیتی بہبود کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہیں اور چیف منسٹر کے دفتر کی جانب سے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اقلیتی امور سے متعلق جوابات اور دیگر تفصیلات انہیں روانہ کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ اقلیتی بہبود سے متعلق امور سے اسمبلی اور کونسل میں چیف منسٹر نے خود نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے ۔