ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی ایم اے وحید نے سنٹر کا معائنہ کیا، فی سنٹر دس ہزار روپئے کی منظوری
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) سکریٹری ڈائرکٹر تلنگانہ اردو اکیڈیمی ایم اے وحید ریٹائرڈ آئی ایف ایس نے آج اردو اکیڈیمی کی جانب سے شروع کردہ اردو تربیتی مرکز کا دورہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اکیڈیمی نے اردو زبان کی ترقی و ترویج کے لئے اردو تربیتی مراکز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جہاں ایک ماہ تک طلبہ کو اردو لکھنے اور پڑھنے کی تربیت دی جائے گی ۔ انہوں نے آج عطا پور میں واقع چیتنیہ کالج میں قائم کردہ مرکز کا معائنہ کیا۔ اس مرکز میں طلبہ کی تعداد تقریباً 20 تھی ، ایم اے وحید نے ذمہ داروں سے مشورہ لیا کہ وہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں شعور بیداری مہم کے ذریعہ تعداد میں اضافہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سنٹر میں کم از کم 30 تا 40 طلبہ کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ مختلف تنظیموں ، دینی مدارس ، مساجد کمیٹیوں ، اسکولس اور کالجس کے انتظامیہ کی جانب سے سنٹرس کے قیام کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سنٹر کے لئے ایک مدرس کا انتظام کرنا ہوگا جس کے لئے اردو اکیڈیمی 10,000 روپئے منظور کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک تقریباً 60 مراکز کے لئے درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جبکہ 70 مراکز کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ مراکز کا معائنہ کرنے کیلئے عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ایک ماہ کے تربیتی پروگرام کے دوران کم از کم 4 مرتبہ ہر ایک سنٹر کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس سنٹر میں درکار تعداد نہیں ہوگی، اسے رقم جاری نہیں کی جائے گی۔ ایم اے وحید نے کہا کہ اردو کلاسس کے مراکز کے قیام کے بغیر کوئی بھی شخص یا ادارہ اردو اکیڈیمی سے رقم حاصل نہیں کرپائے گا اور اس اسکیم کو اسکام کی شکل نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈیمی کی شرائط کے مطابق مقررہ تعداد کو اردو سکھانے کے بعد ہی رقم کی اجرائی عمل میں آئے گی۔