لکھنؤ ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نامور شاعر منور رانا نے اردو اکیڈیمی سے آج استعفیٰ دیدیا اور اکیڈیمی کے چیرمین پر اپنے کام میں دخل اندازی کا الزام عائد کیا۔ منوہر رانا نے کہا کہ ’’میں نے اپنا استعفیٰ چیف منسٹر اکھیلیش یادو کو پیش کیا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’عہدہ سنبھالتے وقت میں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر میں اردو کی خدمت میں ناکام ہوجاؤں گا تو سبکدوش ہوجاؤں گا۔ مجھے میرے ہی ساتھیوں نے کام کرنے کا موقع نہیں دیا۔ جو کچھ میں کرنا چاہتا تھا وہ ناکام بنا دیا گیا۔ مجھے فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنا تو کجا مجھے اکیڈیمی کے کاموں کے بارے میں بھی کوئی اطلاع نہیں دی گئی‘‘۔ منور رانا نے الزام عائد کیا کہ ان حالات میں ان کیلئے استعفیٰ دینے کے سواء کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔ منور رانا اس سال فروری میں اردو اکیڈیمی کے صدر کے عہدہ پر فائز ہوئے تھے اور اکیڈیمی کے چیرمین نواز دیوبندی اور سکریٹری پر الزام عائد کیا کہ وہ کام پر پابندی سے تو نہیں آتے لیکن رازداری میں انتہائی اہم فیصلے کیا کرتے ہیں۔
دارالعلوم کے شہید طالب علم کی تدفین
مظفرنگر ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دارالعلوم دیوبند کے شہید طالب علم محمد مبارک جسے نامعلوم بندوق برداروں نے گولی مار کر شہید کردیا تھا، کی تدفین آج سخت سیکوریٹی کے دوران اس کے آبائی وطن میں عمل میں آئی۔
محمد مبارک ان دو طلباء میں شامل تھا جن پر نامعلوم بندوق برداروں نے فائرنگ کی تھی، دہلی کے صفدر جنگ ہاسپٹل میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔