اردو اکیڈیمی سے بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ برائے سال 2013-14

پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری اردو اکیڈیمی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 27 ستمبر (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری اردو اکیڈیمی آندھراپردیش نے ایک صحافتی اعلامیہ میں بتایا کہ اردو اکیڈیمی آندھراپردیش کے زیراہتمام بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ برائے تعلیمی سال 2013-14ء اور اردو خوش نویس ایوارڈ کیلئے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ہر ضلع سے پرائمری اسکول کے ایک ٹیچر، اپر پرائمری کے ایک اور ہائی اسکول کے ایک ٹیچر (جملہ تین ایوارڈ) اور کالج پر ہر ضلع سے جونیر کالج کے ایک لکچرر، ڈگری کالج سے ایک لکچرر (جملہ دو ایوارڈ)، یونانی میڈیکل ٹیچرس کیلئے دو ایوارڈ اور یونیورسٹی اساتذہ کیلئے تین ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ یہ ایوارڈ سرکاری مدارس و کالجس کے اساتذہ کی تعلیمی میدان میں بہتر کارکردگی پر دیئے جائیں گے۔ اسی طرح اردو خطاطی کے ماہرین میں سے ایک خطاط کا انتخاب کیا جائے گا۔ ڈائرکٹر ؍ سکریٹری اردو اکیڈیمی آندھراپردیش نے اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ کے لئے درخواست گذار کی مدت ملازمت کم از کم 5 سال ہونی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ کیلئے اکیڈیمی کی جانب سے جاری کردہ فارم پر ٹیچر و ہیڈ ماسٹر کیلئے ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولس ڈی ای او ؍ ڈپٹی ڈی او کی جانب سے تصدیق اور جونیر و ڈگری کالج لکچرر کیلئے پرنسپل کالج آر آئی او یا ڈی ای وی او کی جانب سے تصدیق اور یونیورسٹی کے اساتذہ کیلئے ڈین ؍ پرنسپل یا رجسٹرار سے تصدیق کے ساتھ اساتذہ اور اردو خطاطی کے ماہرین جنہوں نے خوش نویسی کا امتحان کسی مستند ادارے سے پاس کیا ہو اور کسی ادارہ میں بحیثیت استاد الخطاط کی خدمات انجام دے رہے ہوں، اپنی ضروری اسناد اور خطاطی کے نمونوں کے ساتھ اپنی درخواستیں 20 اکٹوبر 2014ء تک ڈائرکٹر ؍ سکریٹری اردو اکیڈیمی آندھراپردیش، چوتھی منزل، حج ہاؤز نامپلی، حیدرآباد کے پتہ پر راست یا ذریعہ پوسٹ داخل کرسکتے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ کیلئے اکیڈیمی سے جاری کردہ فارمس اردو اکیڈیمی کے تمام اہم مراکز بشمول دفاتر، ڈی ایم ڈبلیوز پر مفت دستیاب رہیں گی۔ اس کے علاوہ درخواست کی فوٹوکاپی بھی قابل قبول ہوگی جبکہ اردو خطاطی ایوارڈ کیلئے درخواست گذار اپنی اسناد و خطاطی کے نمونوں کی کسی مستند ادارے سے تصدیق کے ساتھ سادہ کاغذ پر درخواست دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارد واکیڈیمی سے ہر دو زمروں میں سابق میں ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ دوبارہ ایوارڈ کیلئے اہل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نامکمل درخواستیں مسترد کردی جائیں گی اور درخواستوں کی منظوری کے سلسلہ میں اکیڈیمی کا فیصلہ حتمی ہوگا۔