اسپیشل سکریٹری انچارج اقلیتی بہبود شمشیر سنگھ راوت نے جی او جاری کردیا
حیدرآباد ۔24 ۔ مارچ (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے اردو اکیڈیمی ، ریاستی اقلیتی کمیشن اور اقلیتوں کی سماجی و معاشی صورتحال سے متعلق اسکیمات پر عمل آوری کیلئے بجٹ منظور کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری انچارج اقلیتی بہبود شمشیر سنگھ راوت نے آج تین علحدہ احکامات جاری کئے۔ جی او آر ٹی 97 کے تحت ریاست میں اقلیتوں کی سماجی و معاشی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق پروگراموں پر عمل آوری کیلئے ایک لاکھ 25 ہزار روپئے جاری کئے ہیں۔ حکومت نے جاریہ مالیاتی سال کے بجٹ سے چوتھی قسط کے طور پر یہ رقم جاری کی ہے ۔ اسسٹنٹ سکریٹری اقلیتی بہبود کو مجاز گردانہ گیا ہے کہ وہ یہ رقم حاصل کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو جاری کریں۔ جی او آر ٹی 98 کے تحت ریاستی اقلیتی کمیشن کیلئے 43 لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔
مالیاتی سال 2013-14 کے غیر منصوبہ جاتی مصارف کے تحت یہ رقم مختص کی گئی ہے۔ اقلیتی کمیشن کیلئے جملہ 59 لاکھ 60 ہزار روپئے بجٹ میں مختص کئے گئے تھے جبکہ 14 لاکھ 41 ہزار روپئے پہلے ہی جاری کئے گئے ہیں، اب مزید 2 لاکھ 19 ہزار روپئے کی اجرائی باقی ہے۔ جی او آر ٹی 99 کے تحت اردو اکیڈیمی کو چوتھے سہ ماہی کے بجٹ کے طور پر 28 لاکھ 13 ہزار روپئے مختص کئے گئے جس میں تنخواہوں پر 25 لاکھ 63 ہزار روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ حکومت نے اردو اکیڈیمی کیلئے مختص کردہ مکمل بجٹ جاری کردیا ہے۔