اردو آفیسرس کے تقررات کا مقدمہ 4 ستمبر تک ملتوی

حیدرآباد۔ 20 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائی کورٹ نے اردو آفیسرس کے تقررات سے متعلق مقدمہ کی سماعت کو 4 ستمبر تک ملتوی کردیا ہے۔ جسٹس پی نوین رائو کے اجلاس پر آج مقدمہ کی سماعت مقرر کی۔ درخواست گزار نے عدالت کے حکم پر گریڈ۔II کے منتخب 57 امیدواروں کو مقدمہ میں فریق بنایا ہے۔ جج نے اس بارے میں استفسار کیا تو درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ منتخب اردو آفیسرس کو نوٹس جاری کی گئی ہے۔ اردو آفیسرس کے وکلاء نے جواب داخل کرنے کے لیے عدالت سے وقت مانگا ہے۔ جج نے جوابی حلف نامہ داخل کرنے کے لیے مقدمہ کی آئندہ سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ اردو آفیسرس کے تقررات میں قواعد کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے بعض درخواست گزار ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے ہیں۔ عدالت نے گریڈ۔I کے نتائج کی اجرائی پر روک لگادی جبکہ گریڈ۔II کے منتخب آفیسرس کو مقدمہ میں فریق بنانے کی ہدایت دی۔ تقررات میں روسٹر سسٹم پر عمل آوری نہ کیے جانے کی عدالت نے نشاندہی کی۔