مردوں سے زیادہ خاتون امیدوار، 20 مئی کو امتحان
حیدرآباد۔23 اپریل (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں 66 اردو آفیسرس کے تقررات کے لیے آج آخری دن شام تک 5065 درخواستیں آن لائین داخل کی گئیں۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ رات 12 بجے تک درخواستوں کے ادخال کی مہلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ۔I کے لیے 921 اور گریڈ۔II کے لیے 4145 درخواستیں داخل کی گئیں۔ امیدواروں میں 3331 خواتین اور 1936 مرد ہیں۔ او سی طبقہ سے 1147، بی سی (اے) 9، بی سی (بی) 374، بی سی (سی) 3 ، بی سی (ڈی) 7 ، بی سی (ای) 3508، ایس سی 9 اور ایس ٹی طبقے کے 10 امیدواروں نے آن لائین درخواستیں داخل کی ہیں۔ 20 مئی کو امتحان منعقد ہوگا۔ صبح کے اوقات میں گریڈ۔II اور دوپہر میں گریڈ۔I کا امتحان رہے گا۔ گریڈ۔I کے لیے 200 نشانات پر مشتمل امتحانی پرچہ رہے گا جس میں 125 نشانات تحریری امتحان کے ہوں گے۔ تلگو، انگلش اور اردو میں ترجمہ کے علاوہ لیٹر رائٹنگ اور دیگر تحریری صلاحیتوں کا امتحان رہے گا۔ 75 نشانات جنرل نالج، ہسٹری اور دیگر امور سے متعلق ہوں گے۔ گریڈ۔I کے لیے 30 نشانات پر مشتمل انٹرویو رہے گا۔ امتحانی مرکز حیدرآباد میں ہوگا اور امتحان کا وقفہ 3 گھنٹے رہیگا۔ گریڈ۔II کے لیے 200 نشانات پر مبنی پرچہ ہوگا جس میں 125 نشانات تحریری اور 75 جنرل نالج اور دیگر امور سے متعلق ہوں گے۔ امتحانات کے انعقاد کے بعد اندرون 20 یوم تقررات کا عمل مکمل کرلیا جائے گا اور توقع ہے کہ جولائی سے منتخب امیدوار اپنے فرائض کی انجام دہی کا آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر کے دفتر اور ضلع کلکٹرس کے دفاتر کے علاوہ وزراء، اسپیکر، صدرنشین کونسل کے دفاتر میں تعیناتی عمل میں آئے گی۔