واشنگٹن، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اردن کے شاہ عبداللہ پیر سے امریکہ کی سرکاری دورے پر آئیں گے ۔امریکہ میں اردن کے سفارت خانے نے ٹویٹر کے ذریعے اس بات کی اطلاع دی۔سفارت خانے کے حکام نے بتایا کہ امریکہ میں نئے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حلف برداری کے بعد عرب ممالک کے کسی بھی لیڈرکا یہ امریکہ کا پہلا دورہ ہو گا۔ اس دورے کے دوران مسٹر عبداللہ نئی امریکی انتظامیہ کے علاوہ کانگریس کے سینئر حکام سے بھی ملاقات کریں گے ۔ مسٹر عبداللہ مسٹر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے یا نہیں یہ ابھی تک واضح نہیں ہے ۔ مسٹر عبداللہ نے حال ہی میں روس کا بھی دورہ کیا ہے ۔ روس کے دورے کے دوران انہوں نے شام میں امن کے عمل کو حمایت دینے کے لئے روسی صدر ولادیمیر پوتن کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ واضح رہے کہ شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف امریکی فوج کی جانب سے چلائی جا رہی مہم میں اردن بھی شامل ہے ۔