عمان ۔ 26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اردن میں آئے سیلاب میں کم و بیش 20 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جن میں اکثریت اسکولی طلباء کی ہے۔ ایمرجنسی سرویسیز کے بیان کے مطابق جمعرات کو ہوئی موسلادھار بارش میں 35 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ زخمیوں میں بچاؤکاری انجام دینے والے سیکوریٹی فورسیس کے ارکان بھی شامل ہیں۔ بچاؤ کاری عملہ اب بھی لاپتہ افراد کو تلاش کررہا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ مہلوکین میں کثیر تعداد اسکولی طلباء کی ہے جن کی عمریں 11 تا 14 سال کے درمیان ہیں جو سیلاب کے وقت بحیرہ مردار کے خطہ میں پکنک منانے آئے تھے تاہم سیلاب میں ان کی بس بھی بہہ گئی۔ سیلاب کی شدت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہیکہ وہاں موجود ایک پل بھی منہدم ہوگیا۔