پرانے شہر میں بھی نئے شہر کی طرز پر سڑکیں بہتر ہونے کی امید
حیدرآباد 9 ستمبر ( سیاست نیوز ) عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ارباب مجاز اور خاص طور پر بلدی حکام کو خواب غفلت سے بیدار کرنے روزنامہ ’ سیاست ‘ کی مہم ایسا لگتا ہے کہ اب اپنا اثر دکھانے لگی ہے ۔ ویسے تو روزنامہ سیاست کے ذریعہ ملت کو درپیش کئی مسائل کو اجاگر کیا جاتا ہے اور اس کا خاطر خواہ اثر بھی دکھائی دیتا ہے تاہم گذشتہ چند دنوں سے شہر میں سڑکوں کی انتہائی خستہ اور ابتر حالت کو ظاہر کرتے ہوئے مسلسل مہم چلائی جا رہی تھی ۔ تصاویر کی اشاعت کے ذریعہ حقیقت حال کو پیش کیا جا رہا تھا ۔ اس کا مقصد ارباب مجاز کو خواب غفلت سے بیدار کرتے ہوئے خاص طور پر پرانے شہر کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی سمت توجہ مبذول کروانا تھا ۔ پرانے شہر کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا تھا اور عوام کو مشکلات اور مصائب کا سامنا تھا ۔ سیاست نے اپنی مہم کے ذریعہ پرانے شہر کی صورتگری کی سمت توجہ مبذول کروانے کی کوشش کی تھی ۔ حسب روایت روزنامہ سیاست کی مہم اس بار بھی اثر انداز ہوئی ہے اور اس کے نتائج بھی برآمد ہونے لگے ہیں۔ گذشتہ دنوں روزنامہ سیاست میں پرانے شہر کے مختلف مقامات پر خستہ حال سڑکوں اور گڑھوں و کھڈوں کی تصاویر شائع کی گئی تھی ۔ اس سے عوام کو پیش آنے والی مشکلات کو اجاگر کیا جا رہا تھا ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد پر اس کا اثر ہونے لگا ہے اور شہر میں کچھ مقامات پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور ان کی حالت میں سدھار کے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ ابتداء میں پرانے شہر کی مصروف سمجھی جانے والی کوٹلہ عالیجاہ تا میر عالم منڈی سڑک کی مرمت کا کام بلدیہ کی جانب سے شروع کیا گیا ہے ۔ یہ سڑک انتہائی مصروف ہوتی ہے اور اس کی حالت انتہائی خراب ہوگئی تھی ۔ رہی سہی کسر گذشتہ دنوں میں ہونے والی بارش نے پوری کردی تھی ۔ بارش کے بعد سڑکوں پر گڑھوں میں اضافہ ہوگیا تھا اور یہاں سے راہگیروں کا گذرنا مشکل ہوگیا تھا ۔ تاہم اب بلدیہ نے اس سڑک کی مرمت کرتے ہوئے حالت کو سدھارنے کا کام شروع کیا ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ بلدیہ نے سیاست کی مہم سے متاثر ہوکر پرانے شہر کی حالت پر کچھ توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور یہاں بھی سڑکیں نئے شہر کی طرز پر بہتر بنانے کاعمل شروع ہوگیا ہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ کام صرف کوٹلہ عالیجاہ تا منڈی میر عالم تک ہی محدود نہیں رہے گا بلکہ سارے پرانے شہر کی سڑکوں کو ان کی خستہ حالت دور کرتے ہوئے بہتر بنانے تک بلدیہ کی کوششیں جاری رہیں گی تاکہ پرانے شہر میں بھی نئے شہر کی طرز پر سڑکیں بہتر ہوسکیں ۔