اراضی حصولیابی بل کے خلاف نتیش کمار کی مجوزہ بھوک ہڑتال

پٹنہ ۔ یکم ؍ مارچ ( سیاست ڈاٹ کام)چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے اراضی حصولیابی (ترمیمی) بل کے خلاف بطور احتجاج ایک روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ بھی اس ہڑتال میں شریک ہوں اور متنازعہ بل سے دستبرداری کیلئے مودی حکومت پر دباؤ ڈالیں ۔ انہوں نے ہڑتال کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ۔ نتیش کمار نے اس بل کو سیاہ قانون سے تعبیر کیا اور کہا کہ یہ کسانوں کے مفادات کے خلاف ہے ۔ بی جے پی حکومت کی جانب سے کل پیش کئے گئے بجٹ پر بھی تنقید کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ عام آدمی کی قیمت پر صنعت کاروں کے ایک گوشہ کو فائدہ پہونچایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح پر کسی کو بھی عوام کی فکر نہیں ہے وہ کہتے ایک ہیں کرتے کچھ اور ہیں ۔ وہ صرف چند لوگوں کو خوش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں صرف کارپوریٹ گھرانوں کوفائدہ پہونچایا گیا ہے ۔ اس سے سرویس سیکٹر کی وسعت پر اثر پڑے گا اور عوام افراط زر سے متاثر ہوں گے ۔ ایسا لگتا ہے کہ مخصوص لوگوں کیلئے ’’اچھے دن ‘‘ آگئے ہیں۔