اراضی بل پر اپوزیشن جھوٹ بول رہی ہے ،کسانوں میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش:وزیر اعظم

نئی دہلی 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) حصول اراضی بل کے خلاف اپوزیشن کی متحدہ مہم کو نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کسانوں سے راست مخاطب ہوکر کہا کہ اپوزیشن آپ کو جھوٹ بول رہی ہے ۔ سیاسی سازش کے تحت اپوزیشن نے جھوٹا پروپگنڈہ شروع کیا ہے اس سے کسان برادری میں الجھن پیدا ہوجائے ۔ اپنے ماہانہ ’’من کی بات‘‘ ریڈیو پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے زور دے کر کہا کہ حصول اراضی بل 2013 میں بعض خامیاں تھیں کیونکہ یہ بل عجلت میں تیار کیا گیا تھا۔ ہم نے کسانوں اور دیہاتوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے بل میں موجود خامیوں کو دور کرنے ترمیم کی ہے ۔ انہو ںنے پارلیمنٹ میں دیئے گئے اپنے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت بل میں کسی بھی قسم کی تبدیلیاں لانے کیلئے تیار ہے اور کسانوںکے حق میں جو کچھ بہتر ہوتا ہے ہم کریں گے ۔ انہوں نے کانگریس پر درپردہ تنقید کی اور کہا کہ جو لوگ بل کے نام پر احتجاج کررہے ہیں وہ اس قانون کو 65-60 سال سے استعمال کررہے ہیں۔ حصول اراضی کیلئے بنائے گئے 120 سال پرانے قانون کو ہی استعمال کیا جارہا ہے۔

آزادی کے بعد سے حصول اراضی کیلئے یہی قانون رائج ہے اب یہ لوگ ان کی حکومت کو نشانہ بنا رہے ہیں جس نے 2013 کے قانون میں بہتری لانے کی کوشش کی ہے اپنے 30 منٹ کے پروگرام میں انہوں نے بل کی خصوصیات کو پیش کیا اور اپنی حکومت کی ترجیحیات کو بھی عوام کے سامنے رکھا ۔ انہوں نے اس خیال کو مسترد کردیا کہ نئے بل سے صرف کارپوریٹ گھرانوں کو فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حصول اراضئ کے نئے قانون کی تجویز میں کسی بھی دفعہ پر اتفاق رائے پایا نہیں جاتا ۔ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ اپوزیشن نے آپ تک ہر قسم کی غلط اطلاع پہونچائی ہے ۔ اس مسئلہ پر ان کی حکومت نے خاص توجہ دی ہے اور متحدہ اپوزیشن پارٹیوں کی مخالفت کا سامنا کررہی ہے ۔ میری حکومت اس بات کی پابند عہد ہے کہ ملک کے کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہونچایا جائے ۔ حصول اراضی قانون کے ذریعہ ہم کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے جارہے ہیں لیکن اپوزیشن نے کئی جھوٹ پھیلا کر کسانوں کو گمراہ کیا ہے لہذا میں کسانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ میری حکومت کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہوئے دوستی پر قائم رہیں کیونکہ ہم کسانوں کو جھوٹ کی بنیاد پر گمراہ کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔